نارتھ ناظم آباد سے 6 سالہ بچہ بازیاب 4 اغوا کار گرفتار

ریان کو ٹیوشن جاتے ہوئے وین رکواکر اغوا کیا گیا ،احمد چنائے، دونوں ملزمان موٹر سائیکل لفٹر ہیں، ڈی ایس پی سجاد علی


Staff Reporter February 07, 2013
احمد چنائے نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملزمان نے ریان پراچہ کو 21 جنوری کی شام نارتھ ناظم آباد بلاک J سے اس وقت اغوا کرلیا تھا۔ فوٹو: ایکسپریس

سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی اور اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے نارتھ ناظم آباد سے اغوا کیے جانے والے کمسن لڑکے کو بازیاب کرلیا۔

پولیس نے واردات میں ملوث4ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ واردات کا مرکزی ملزم گرفتار نہیں کیا جا سکا ، ملزمان نے مغوی لڑکے کی رہائی کے عوض 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا،سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی سندھ کے سربراہ احمد چنائے کے مطابق ایس ایس پی اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل پولیس اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شارع نور جہاں کے علاقے شپ اونر کالج کے عقب میں واقع خلیل آباد کے ایک مکان پر چھاپہ مار کر6 سالہ محمد ریان پراچہ ولد محمد وسیم باری پراچہ کو بحفاظت بازیاب کر کے4ملزمان محمد طاہر ولد محمد صدیق ، محمد رحمٰن ولد محمد صدیق، علی گوہر کھوسو ولد دل مراد کھوسو اور محرم خان کھوسو ولد گل خان کھوسو کو گرفتار کر کے2ٹی ٹی پستول برآمد کرلیے۔



احمد چنائے نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملزمان نے ریان پراچہ کو 21 جنوری کی شام نارتھ ناظم آباد بلاک J سے اس وقت اغوا کرلیا تھا جب وہ وین میں ٹیوشن پڑھنے جا رہا تھا جبکہ ملزمان وین کے ڈرائیور کا موبائل فون بھی چھین کر لے گئے، ملزمان کی جانب سے کمسن مغوی کی رہائی کے عوض50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا تاہم سی پی ایل سی کی جانب سے اہلخانہ ملزمان سے تاوان کی کمی پر بات چیت کرتے رہے اور بعدازاں تاوان کی رقم 15 لاکھ روپے طے ہونے کے بعد ملزمان نے رقم کی ادائیگی کے لیے سہراب گوٹھ سپر ہائی وے براق پٹرول پمپ کے قریب بلایا جہاں پہلے سے اے وی سی سی اور سی پی ایل سی کے سادہ لباس افسران موجود تھے۔

احمد چنائے نے بتایا کہ رقم کی وصولی کے لیے علی گوہر کھوسو اور محرم خان کھوسو جیسے ہی پہنچے پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا اور ان کی نشاندہی پر شپ اونر کالج کے عقب میں واقع خلیل آباد کے مکان میں چھاپہ مار کر مغوی ریان پراچہ کو بحفاظت بازیاب کر کے مزید 2 ملزمان محمد طاہر اور محمد رحمٰن کو گرفتار کرلیا جو کہ دونوں سگے بھائی ہیں ، بچے کو اغوا کرنے والا مرکزی ملزم طارق ولد محمد صدیق گرفتار نہ ہو سکا، ڈی ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل سجاد علی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان علی گوہر کھوسو اور محرم خان کھوسو کا تعلق میر پور خاص سے ہے، دونوں ملزمان موٹر سائیکل لفٹر ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں