روشن راستہ

جانیے اپنے اہم سوالات کے بہتر جوابات۔

جانیے اپنے اہم سوالات کے بہتر جوابات۔ فوٹو : فائل

سفید پوشی کا بھرم
سوال: میرے بھائی پنشن یافتہ ہیں۔ بھائی کی ایک بیٹی زیرتعلیم ہے اور دوسری شادی کے قابل ہے۔ بیٹا نہیں ہے۔ بھائی نے ساری عمر رزقِ حلال کمایا اور حرام کو ہاتھ ہی نہیں لگایا اس لیے جمع پونجی کچھ نہیں ہے بس سفید پوشی کا بھرم قائم ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنی بیٹیوں کے فرض سے بخیر و خوبی فارغ ہوجائیں۔
(ق۔س: فیصل آباد)
جواب: آپ کے بھائی صبح فجر کی نماز سے قبل101 مرتبہ یاعظیم ، گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اﷲ تعالیٰ سے دعا کریں۔

ہمت اور بہادری
سوال: میں بچپن ہی سے بڑے صبر کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرتی رہی ہوں۔ ہمارے ابو نے کبھی اپنی اولاد یا گھر پر توجہ نہیں دی۔ نہ اُنہیں گھرکی پرواہ رہی ہے۔ نہ بیٹیوں کی شادی کی فکر ہے۔ میں سب بہن بھائیوں سے بڑی ہوں۔ گھر کا خرچ چلانے کے لیے جاب بھی کرتی ہوں۔
(م۔ا: ملتان)
جواب: پریشان رہنے سے اور گلے شکوے کرتے رہنے سے مسائل کا حل نہیں نکلا کرتا۔ آپ نے بہت اچھا کیا کہ معاشی پریشانیوں کو دور کرنے کے لیے جدوجہد شروع کی۔ اپنے بہن اور بھائیوں کو بھی اپنے پیروں پر کھڑے ہونے میں مدد دیجیے ۔ کوشش اور جدوجہد کے ساتھ 101مرتبہ اسمائے الٰہی یا واسع، یا فتاح، یا رزاق گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔

بیٹا پڑھنا نہیں چاہتا
سوال: میرا بیٹا جس کی عمر چودہ سال ہے اس سال آٹھویں کلاس میں فیل ہوگیا ہے۔ کہتا ہے کہ مجھے آگے نہیں پڑھنا۔ میں نے بہت پیار سے بھی سمجھایا اور مارا پیٹا بھی، لیکن وہ اپنی ضد پر قائم ہے۔ میں خود زیادہ پڑھی لکھی نہیں ہوں لیکن چاہتی ہوں کہ میرے دونوں بچے پڑھ جائیں۔
(ب۔ی: پشاور)
جواب: صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ سورۂ قمر(54)کی آیت 17گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر یا ایک ایک پیالی پانی پر دم کرکے اپنے بیٹے کو پلائیں اور اس پر دم بھی کردیں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔

مٹاپا
سوال: میں نوعمر ہوں لیکن ابھی سے مٹاپے کا شکار ہوں۔ برائے کرم کوئی آسان علاج تجویز کردیں۔
(نام شائع نہ کریں)
جواب: وزن کم کرنے یا وزن کم رکھنے کے لیے چند اہم نکات نوٹ کرلیجیے۔ کھانا کھانے کے دوران اور بعد میں پانی نہ پییں۔ کھانے سے آدھا گھنٹہ قبل پانی پی لیں اور کھانے کے ایک گھنٹے بعد نیم گرم پانی پییں۔ گھی اور ہر قسم کی مصنوعی مٹھاس چند ماہ کے لیے بالکل ترک کردیں۔ غذا میں ترکاریوں کا استعمال زیادہ کریں۔ گوشت کا استعمال بھی کم کردیں۔ گائے کا گوشت، آلو، چاول اور ماش کی دال بالکل نہ کھائیں۔ اس کے علاوہ سافٹ ڈرنکس، آئس کریم، شربت اور دیگر شکر آمیز مصنوعات استعمال نہ کیجیے۔
اچھی قسم کی دار چینی لے کر اسے خوب گرائنڈ کرکے رکھ لیں۔ دار چینی کا یہ سفوف نصف چائے کی چمچی صبح نہار منہ سادہ پانی کے ساتھ لیں۔ رات سونے سے پہلے ایک کھانے کا چمچہ چھلکا اسپغول نیم گرم پانی کے ساتھ لیں۔
صبح و شام آدھا آدھا گھنٹہ تیز قدموں سے پیدل چلیں۔ اگر یہ ممکن نہ ہو تو گھر میں کچھ دیر رسّی کودیے۔ اِن ہدایات پر تقریباً تین مہینے مستقل مزاجی کے ساتھ عمل کیجیے۔

شادی میں تاخیر۔۔۔۔
سوال: میری عمر 33سال ہوچکی ہے مگر کہیں رشتہ نہیں ہوپا رہا۔ شکل صورت بھی مناسب ہے پھر بھی رشتے نہیں آتے۔
(ف۔ع: کراچی)
جواب: بسم اﷲ الرحمٰن الرحیم
یرسل الریاح فیما کان فیہ
دو انچ Xدو انچ کے سفید کاغذ پر لکھ کر اسے چند تہہ کرلیں۔ اس کے بعد اسے موم جامہ کرکے یا پلاسٹک میں پیک کرکے نیلے کپڑے میں سی لیں اور گلے میں پہن لیں یا دائیں بازو پر باندھ لیں۔
عشاء کی نماز کے بعد 101مرتبہ:
بسم اللّٰہ الواسع جل جلالہ
گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اچھی جگہ رشتہ ہونے اور خوش و خرم ازدواجی زندگی کے لیے دعا کریں۔ یہ عمل نوے روز تک جاری کھیں۔ حسبِ استطاعت صدقہ کردیں۔

پہلے گوری تھی!
سوال: شادی سے قبل میں بہت گوری تھی مگر شادی کے کچھ روز بعد ہی میرا رنگ سانولا ہونے لگا اور چہرہ بے رونق ہوتا چلا گیا۔ مجھے سسرال میں ہر طرح کا آرام ہے ۔ اچھا کھانا، پہننا بھی میسر ہے مگر مجھے تو جیسے خوراک کا کچھ اثر ہی نہیں ہوتا۔ مغرب کے بعد آنکھوں میں مرچیں سی لگتی ہیں اور سب پر غصہ آنے لگتا ہے۔ ایک صاحب نے بتایا تھاکہ تم پر جادو کیا گیا ہے۔
(س۔ملتان)
جواب: صحت اور حسن پر بھی نظر لگ سکتی ہے یا شدید حسد کی وجہ سے کسی کی صحت یا خوبصورتی متاثر ہوسکتی ہے۔ صبح اور رات اکیس اکیس مرتبہ سورۂ فرقان (25)کی آیت 58، تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے پی لیں اور اپنے اوپر بھی دم کرلیں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔ وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء: یا حفیظ، یا شافی، یا سلام
کا ورد کرتی رہیں۔ حسبِ استطاعت صدقہ بھی کریں۔

جسمانی کم زوری
سوال: میں بچپن سے ہی کوئی خاص صحت مند نہیں تھا مگر اب پچھلے دو سال سے تو جیسے میرے جسم میں جان ہی ختم ہوگئی ہے۔ گال پچک گئے ہیں اور جسم کی ہڈیاں تک نظر آتی ہیں۔
(خ۔ے:لاہور)
جواب: تھوڑا ساگودانہ پانی میں ملالیں، اس میں مویز منقیٰ پانچ دانے ملاکر مکس کرلیں۔ ساگودانہ اور منقیٰ کا یہ آمیزہ روزانہ صبح نہار منہ کھائیں ، اوپر سے ایک گلاس نیم گرم دودھ پی لیں۔ رات کھانے کے ڈھائی گھنٹہ بعد چار عدد کیلے کھاکر ایک گلاس دودھ پی لیں۔ ان شاء اللہ چند ہفتوں میں دُبلاپن کافی بہتر ہوجائے گا۔

بھائی نے پریشان کر رکھا ہے

سوال: چند سال قبل ہمارا گھر خوش حالی اور خوشیوں کا نمونہ تھا مگر پھر نہ جانے کس کی نظر لگ گئی۔ ہمارے بھائی اپنے سے بڑی عمر کی ایک عورت کے عشق میں گرفتار ہوگئے۔ جو کماتے ہیں اس عورت کی نذر کردیتے ہیں۔ ہمارے بھائی کی بات خاندان میں طے ہے لیکن اب بھائی اس رشتے سے انکار کررہے ہیں۔ ہمیں پتا چلا ہے کہ وہ عورت شادی شدہ ہے اور اس کے دو بچے ہیں لیکن بھائی اس عورت کی خاطر اپنے ہی والدین اور بہن بھائیوں سے جھگڑ رہے ہیں۔
(ایم۔ کے: کراچی)
جواب: اپنے بھائی کو چند ماہ تک ان کے حال پر چھوڑدیں۔
جہاں ان کے رشتے کی بات کی گئی ہے میرا اندازہ ہے کہ آپ کے بھائی وہاں شادی نہیں کرنا چاہتے۔ اس حوالے سے بھی آپ لوگوں کو گھر میں بات کرکے حقیقت پسندی کے ساتھ سوچنا چاہیے۔

سایوں کا تعاقب!
سوال: میں ایک لڑکے کو پسند کرتی ہوں۔ میں نے کئی بار اس سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن وہ مجھے کوئی ریسپانس نہیں دے رہا۔ اس معاملے پر میں ایک بار اپنے بھائی کے ہاتھوں پٹ بھی چکی ہوں۔ میرے خیال میں یہ سب کچھ وہ خود نہیں کہہ رہا بلکہ بیچ میں کوئی دوسرا آگ لگوا رہا ہے۔ مجھے اب بھی اس پر بھروسا ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ وہ مجھ سے اپنی محبت کا اظہار کردے۔
(ف۔ا: فیصل آباد)
جواب: اس لڑکے کو آپ کے ساتھ شادی کرنے میں کوئی دل چسپی نہیں ہے۔ آپ فرضی باتوں میں پڑ کر اور سایوں کے تعاقب میں رہ کر اپنا وقت خراب نہ کیجیے۔

بھائی بدتمیز اور جھگڑالو ہے
سوال: ہم چار بہن اور دو بھائی ہیں۔ میرے بڑے بھائی نے B.Sc کیا ہوا ہے۔ وہ نہایت بدتمیز آدمی ہیں۔ ان کی جھگڑالو طبیعت کی وجہ سے ہم کئی گھر بدل چکے ہیں۔ ہم جس محلے میں بھی جائیں زیادہ نہیں رہ پاتے۔ وہ وہاں آئے دن لڑائی جھگڑے کرتے ہیں۔ اگر انہیں کسی رشتے دار کے یہاں بھیج دیں تو وہاں بھی مار پٹائی کرکے آجاتے ہیں۔ بعد میں وہ پشیمان بھی ہوتے ہیں کہ یہ میں نے کیا کیا۔ چار سالوں سے ان کا نفسیاتی علاج بھی ہورہا ہے۔
(س۔ ر: حیدرآباد)
جواب: رات سونے سے پہلے اکیس مرتبہ سورۂ البروج کی آیت 21-22 : بل ہو قرآن مجیدO فی لوحٍ محفوظO ، اول آخر تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر بھائی کا تصور کر کے دم کردیں اور دعا کریں۔ صبح نہار منہ اکیس مرتبہ اسمِ الٰہی یاودود تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی یا چائے پر دم کر کے پلائیں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔

کتابیں بُری لگتی ہیں
سوال: میں درمیانے طبقے سے تعلق رکھتا ہوں۔ میرے والدین نے اپنی حیثیت سے بڑھ کر مجھے اچھے کالج میں داخل کروایا ہے جہاں فیس بہت زیادہ ہے۔ وہ چاہتے ہیں میں اچھے نمبر لے کر میڈیکل کالج میں جاؤں لہٰذا اپنا پیٹ کاٹ کر مجھے پڑھا رہے ہیں۔ میں خود بھی پڑھنا چاہتا ہوں لیکن جب بھی کوئی کتاب پڑھنے بیٹھتا ہوں تو اسے پھاڑ دینے کو دل چاہتا ہے۔ میں نے میٹرک بہترین نمبروں سے پاس کیا ہے مگر اب نہ جانے کیوں لاکھ کوشش کے باوجود طبیعت پڑھائی کی طرف راغب نہیں ہوتی۔
(نام شائع نہ کریں: پنوں عاقل)
جواب: عشاء کی نماز کے بعد 303مرتبہ یا اولی الالباب گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ایک گھونٹ پانی پر دم کرکے پی لیں۔

اﷲ پر بھروسا
سوال: کچھ عرصہ قبل میں نے خاصے سرمایہ سے اپنا ذاتی کاروبار شروع کیا ہے۔ لیکن ابھی تک آمدنی میری توقع سے کہیں کم ہے۔ مجھ پر بہت سی ذمہ داریاں ہیں۔ آمدنی کم ہونے سے پریشان رہنے لگا ہوں۔
(ایم۔ صدیقی:کراچی)
جواب: آپ کی مایوسی اور پریشانی کی وجہ یہ ہے کہ آپ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ ریٹرن چاہ رہے ہیں۔ اﷲ پر بھروسا رکھ کر محنت کرتے رہیے۔ عشاء کی نماز کے بعد سورہ آل عمران کی آیت:
ان اﷲ یزرق من یشاء بغیر حسابo اول آخر گیارہ گیارہ بار درودشریف کے ساتھ پڑھ کر کاروبار میں برکت و ترقی کے لیے دعا کریں۔ چلتے پھرتے اُٹھتے بیٹھتے ''یا رزاق '' کا ورد کرتے رہا کیجیے۔ جس قدر ممکن ہو صدقہ و خیرات کرتے رہا کیجیے۔

کمزور حافظہ
سوال: میں نے دو سال قبل قرآنِ پاک حفظ کرنا شروع کیا تھا۔ لیکن کچھ مسائل اور کچھ اپنی سستی کے سبب درمیان میں تقریباً سات مہینوں تک اس طرف توجہ نہیں دے سکا۔ جو پارے مجھے حفظ تھے وہ بھول گیا ہوں۔ دوبارہ یاد کرنے کی کوشش بھی کررہا ہوں لیکن اب پہلے کی طرح مجھے یاد نہیں ہوتا۔
(احسان : سکھر)
جواب: روزانہ شام کے وقت ایک چھٹانک گرم گرم شیرہ دار جلیبی پر 21مرتبہ ''یاعلیم''' پڑھ کر دم کرکے کھائیں۔ صبح نہار منہ تین گھونٹ پانی پر تین مرتبہ سورہ قمر کی آیت 17پڑھ کر دم کر کے پییں۔ دونوں وظائف کی مدت اکتالیس دن ہے۔ اس دوران کھانے میں نمکین چیزیں کم اور میٹھی چیزیں زیادہ استعمال کریں۔

انا کا مسئلہ
سوال: میں جب بہت چھوٹی تھی تب ہی سے گھر میں یہ ذکر رہا کہ میری شادی میرے کزن کے ساتھ ہوگی۔ آج جب میری شادی کی عمر ہوئی تو میرے بڑے بھائی کو کسی نے بہکادیا اور انہوں نے امی کو میرے کزن سے بدظن کردیا۔ وہ لوگ اب بھی راضی ہیں مگر میرے گھر والے رضامند نہیں ہیں۔ ہم دونوں ایک دوسرے کو پسند بھی کرتے ہیں مگر میرے گھر والوں نے اس رشتے کو اپنی انا کا مسئلہ بنالیا ہے۔
(ر۔ ف:لاہور)
جواب: رات سونے سے قبل وضو کرکے مصلّے پر بیٹھ کر اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 101 مرتبہ سورۂ مریم کی آیت کھیعصoپڑھ کر اپنے مقصد کے حصول کے لیے دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔ ناغہ کے دن شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔

انگلش میں روانی۔۔۔۔۔
سوال: میری خواہش ہے کہ مجھے انگلش زبان روانی سے بولنا آجائے۔ میں نے B-A کیا ہوا ہے۔ شادی شدہ ہوں۔ ماشاء اﷲ دو بیٹیاں ہیں۔ میں نے انگلش بول چال سیکھنے کے لیے ایک ادارے میں داخلہ بھی لیا ہے۔ لیکن میں بہت جلد گھبرا جاتی ہوں۔ کلاس میں لفظ ٹھیک طرح ادا نہیں ہوتے۔ میں بہت زیادہ کنفیوز ہوجاتی ہوں۔
(ش۔ ے: سیالکوٹ)
جواب: آپ انگریزی کے مشکل جملے ایک کاپی پر لکھ لیں۔ فارغ وقت میں کم از کم آدھے گھنٹے تک آئینے کے سامنے بیٹھ کر یہ جملے اس طرح پڑھیں کہ آپ کے کان آواز پر مرکوز رہیں اور نظریں آئینے میں آپ کے ہونٹوں کی حرکت پر۔ اس عمل کو پابندی کے ساتھ اکیس روز تک کریں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اسم الٰہی یا علیم کا ورد کرتی رہا کریں۔

خط بھیجنے کے لیے پتا ہے۔
''روشن راستہ''ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی
پی او بکس 2213 ،کراچی۔74600
ای میل: dr.waqarazeemi@gmail.com
فون نمبر: 021-36685469
Load Next Story