چوری اور چھینے گئے موبائل فون سے متعلق ویب سائٹ فعال

خریدار کو بھی موبائل فون سے متعلق فوری معلومات ویب پر ملے گی


Staff Reporter July 15, 2017
نامعلوم لاشوں سے متعلق ویب ’’شناخت‘‘ بھی شروع کردی گئی، گورنرنے افتتاح کیا۔ فوٹو : فائل

PESHAWAR: گورنر سندھ اور سرپرست سی پی ایل سی محمد زبیر نے سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کے منصوبے نا معلوم لاش کی شناخت اور چوری، چھینے گئے موبائل فونز سے متعلق ڈیزائن کردہ ویب سائٹس کا بٹن دباکر آغاز کردیا ہے۔

ویب سائٹوں کے ایڈریس shanakht.cplc.org.pk اور mobilephone.cplc.org.pk ہیں، ویب سائٹس کے ذریعے نامعلوم لاش کی شناخت میں مدد اور چوری، چھینے گئے موبائل فون سے متعلق خریدار کو فوری آگاہی ہوسکے گی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استفادے سے معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے میں مدد ملتی ہے جرائم کی بیخ کنی اور عوام کی مشکلات کے حل میں سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کا کردار اہم ہے ویب سائٹوں کا اجرا سی پی ایل سی کی جانب سے شہریوں کے مسائل کے حل کی کاوش ہے امن و امان کی بحالی میں سیکیورٹی اداروں کے ساتھ سی پی ایل سی نے بھی نمایاں کردار ادا کیا نامعلوم لاشوں کی شناخت گھمبیر مسئلہ ہے شناخت نہ ہونے کے باعث فلاحی اداروں کو ورثا کے انتظار میں لاشوں کو عرصے تک سرد خانوں میں رکھنا پڑتا ہے۔

سی پی ایل سی نے اس مسئلے کے حل کیلیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے فلاحی اداروں ایدھی اور چھیپا کے تعاون سے اس ضمن میں ویب سائٹ شروع کی ہے۔ جس سے شہریوں کو اپنے پیاروں کی تلاش میں آسانی ہوگی اب صرف انٹرنیٹ کے ذریعے ویب سائٹ پر دستیاب معلومات اور تصاویر سے اپنے پیاروں کی شناخت کرسکیں گے۔

سی پی ایل سی کی جانب سے چوری اور چھینے گئے موبائل فونز سے متعلق ویب سائٹ کے اجرا سے اس ضمن میں چوری کے موبائل فونز کی خریداری کے امکانات ختم ہوجائیں گے خریدار کو موبائل فون سے متعلق فوری معلومات ویب سائٹ پر ملنے سے آسانی ہوگی، انھوں نے سی پی ایل سی کی ہیلپ لائن1102 کے 24 گھنٹے دستیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے شہریوں کو سہولت حاصل ہوئی ہے۔

سی پی ایل سی کے چیف زبیر حبیب نے گورنر کو ویب سائٹس سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ نامعلوم لاشوں کی شناخت سیکیورٹی اداروں کے لیے ہمیشہ ایک چیلنج رہی ہے جس کی بڑی وجہ نعش کے پاس سے کسی بھی قسم کی معلومات کا نہ ملنا ہے جس کے باعث ان لاشوں کو طویل عرصے تک سردخانوں میں رکھا جاتا ہے، سی پی ایل سی نے اس ضمن میں ویب سائٹ ''شناخت '' کا آغاز کیا ہے ویب سائٹ کے اجرا میں فلاحی اداروں ایدھی اور چھیپا کا بھرپورتعاون حاصل ہے، اب ویب سائٹ کے ذریعے شہریوں کو اپنے پیاروں کی شناخت میں آسانی ہوسکے گی۔

ویب سائٹ کے ذریعے نامعلوم لاشوں کی شناخت نادرا ریکارڈ کے مطابق بائیو میٹرک ٹیکنالوجی سے کی جائے گی۔ سی پی ایل سی کے پاس چھینے یا چوری کے گئے 10 لاکھ موبائل فونز کے آئی ایم ای نمبرزکا ریکارڈ دستیاب ہے تصدیق کے بعد متعلقہ حکام کے تعاون سے ان موبائل فونز کو بلاک کردیا گیا ہے اور کئی ہزار بازیاب کیے گئے فونز تصدیق کے بعد ان کے مالکان کو واپس کردیے گئے ہیں۔

سی پی ایل سی نے چوری اور چھینے گئے موبائل فون کی خریدو فروخت کے سدباب کیلیے ویب سائٹ ''موبائل فون'' کا اجرا کیا ہے تاکہ شہریوں کو موبائل فون خریدتے وقت ویب سائٹ کے ذریعے پتہ چل سکے کہ خریدا گیا موبائل فون چوری کا یا چھینا نہیں گیا اس طرح چوری یا چھیننے والوں اور بیچنے والوں کی بھی حوصلہ شکنی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں