اعصاب کی جنگ نیوزی لینڈ الیون نے انگلینڈ کو پچھاڑدیا

دوسرے وارم اپ میچ میں آخری گیند پر تین وکٹ سے فتح، اسٹورٹ براڈ کی 3 وکٹیں۔

وانگیری : وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ الیون کے ٹام لیتھم سوئپ شاٹ کھیلنے کے لیے کوشاں، انھوں نے انگلینڈ کیخلاف 64 رنز اسکور کیے۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
نیوزی لینڈ الیون نے اعصاب کی جنگ میں انگلینڈ کو پچھاڑ دیا۔

دوسرے وارم اپ میچ میں آخری گیند پر تین وکٹ سے فتح حاصل کی۔ 171 رنز کے تعاقب میں میزبان الیون کو ہمیش رتھرفورڈ (30) اور اینٹون ڈیوکچ (33) نے تیز آغاز فراہم کرتے ہوئے 7 سے بھی کم اوورز میں مجموعے کو 58 تک پہنچایا تاہم اس موقع پر سمت پٹیل نے دونوں کو آئوٹ کردیا۔


ٹام لیتھم کو شروع میں ہی چانس ملا جب دوسرے اوور میں آسان کیچ ڈراپ کردیا گیا، اس کے بعد انھوں نے کسی قسم کی گھبراہٹ کا مظاہرہ کیے بغیر 38 گیندوں پر 64 رنز جڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا، مگر پھر صرف 6 گیندوں کے دوران چار رنز کے اضافے سے ان سمیت تین کھلاڑیوں کے آئوٹ ہونے سے انگلینڈ کی میچ میں واپسی کے آثار پیدا ہوئے، آخری اوور میں نیوزی لینڈ نے اپنا اعصاب قابو میں رکھے، آخری گیند پر میٹ ہینری،ڈیرن بیچ کی گیند پر وننگ رن لے کر مہمان سائیڈ کی مسلسل دوسری فتح کی راہ میں رکاوٹ بن گئے۔



انگلش کپتان اسٹورٹ براڈ نے 24 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں، منگل کو کھیلے گئے پہلے وارم اپ میچ میں انھوں نے ہیٹ ٹرک کی تھی۔ اس سے قبل مہمان ٹیم نے 5 وکٹ پر171 رنز بنائے، ایون مورگن نے 28 گیندوں کی مدد سے دو چھکے اور 6 چوکوں سے آراستہ 51 رنز ناٹ آئوٹ اسکور کیے، جوز بٹلر نے اتنے ہی رنز کے لیے دو چھکے اور پانچ چوکے رسید کیے، دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 87 رنز کی شراکت بھی ہوئی جبکہ مائیکل لمب نے بھی 45 رنز اسکور کیے۔ نیل واگنیر اور اینڈریو الس نے دو،دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
Load Next Story