موسمیاتی معاہدہ ٹرمپ نے امریکی موقف میں تبدیلی کا اشارہ دیدیا

ٹرمپ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، فرانس موسمیاتی تبدیلی معاہدے پر قائم ہے، صدر میکخواں


INP July 15, 2017
ٹرمپ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، فرانس موسمیاتی تبدیلی معاہدے پر قائم ہے، صدر میکخواں۔ فوٹو: فائل

فرانس کے صدر امینیول میکخواں نے کہا ہے کہ وہ پیرس معاہدے سے باہر نکلنے کے ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں لیکن فرانس موسمیاتی تبدیلی کے معاہدے پر قائم ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے بعد فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ہمارے اختلافات کیا ہیں؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ضروری ہے کہ اس سمت میں آگے بڑھا جائے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ امریکا اس حوالے سے اپنا موقف تبدیل کر سکتا ہے، تاہم انھوں نے اس کی تفصیل نہیں بتائی۔

امریکی صدر کا کہنا تھاکہ پیرس معاہدے کے حوالے سے کچھ ہو سکتا ہے۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ ماہ ماحولیات سے متعلق پیرس معاہدہ 2015 سے باہر نکلنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نیا سمجھوتہ کرنے کی سمت میں آگے بڑھیں گے جس سے امریکی صنعت کاروں کا نقصان نہ ہو۔

فرانسیسی صدر نے کہا کہ یہ اچھا وقت ہے جب موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے کو ایک طرف رکھ دیا جائے اور دونوں رہنما اس مسئلے پر بات چیت کریں کہ وہ دوسرے مسائل جیسا کہ شام میں جنگ بندی اور تجارتی شراکت کے معاملے پر مل کر کیسے کام کر سکتے ہیں۔

امینیول میکخواں نے کہا کہ ہمارے درمیان اختلافات ہیں، ٹرمپ نے انتخابات کے دوران اپنے ووٹروں سے کچھ وعدے کیے اور میں نے بھی۔ کیا ان کا اثر دوسرے مسائل پر بھی پڑنا چاہیے؟ نہیں۔ امینیول میکخواں اور ڈونلڈ ٹرمپ نے دہشت گردی اور خاص طور پر شام اور عراق میں خود کو دولت اسلامیہ (داعش) کہلانے والی شدت پسند تنظیم کے خلاف لڑنے کے اپنے اپنے ممالک کی مشترکہ کوششوں کے بارے میں تبادل خیال کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں