اسکواش سیریز میں مصر نے ابتدائی روز برتری ثابت کردی

میزبان پلیئرز کیخلاف میزن ہیشام، زاہد محمد اور عمر موساد کامیاب

پاکستان کھیلوں کیلیے محفوظ ملک ہے، مستقبل میں بھی ضرور آئیں گے، میزن۔ فوٹو: فائل

پاک مصر اسکواش سیریز کے ابتدائی روز مہمان پلیئرز نے اپنی برتری ثابت کر دی، میزن ہیشام، زاہد محمد اور عمر موساد نے میچز جیت لیے، تینوں پاکستانی پلیئرز ناکام رہے۔

پاک فضائیہ اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے زیراہتمام محصف اسکواش کمپلیکس میں گزشتہ روز تین میچز کھیلے گئے۔ پہلا میچ پاکستان کے وقارمحبوب اور مصر کے زاہد محمدکے مابین ہوا، مصری کھلاڑی نے پاکستانی حریف کو 29 منٹ کے ایک آسان مقابلے میں 3-0 سے مات دی۔ میچ کا اسکور 11-9، 11-9 اور 11-8رہا۔

دوسرے مقابلے کا نتیجہ بھی مصر کے حق میں آیا، مہمان پلیئر عمر موساد نے پاکستان کے احسن ایاز کو 36 منٹ میں آئوٹ کلاس کر دیا، میچ کا اسکور 11-8، 11-7 اور 12-10 رہا۔ تیسرا میچ پاکستان کے فرحان زمان اور مصرکے میزن ہیشام کے درمیان ہوا، میزن ہیشام نے 3-1 سے کامیابی حاصل کی، اسکور 11-6، 9-11، 11-9 اور 11-7 رہا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض پیرزادہ مہمان خصوصی تھے، ان کے ہمراہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل شاہد اختر علوی، نائب صدر قمر زمان اور سیکریٹری طاہر سلطان بھی موجود تھے۔


دریں اثنا مصری کھلاڑی میزن ہیشام نے نمائندہ '' ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل اسکواش کیلیے محفوظ ترین ملک ہے، یہاں کھیل کربہت لطف اندوز ہو رہا ہوں، مستقبل میں بھی اگر موقع تو دوبارہ آ کر کھیلوں گا۔ انھوں نے کہا کہ دنیائے اسکواش میں پاکستان کو ہوم آف چیمپئنز کے نام سے پکارا جاتا ہے، جہانگیر خان اورجان شیر خان کے وطن میں کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن نے انٹرنیشنل سیریز کیلیے انتہائی شاندار انتظامات کیے ہیں، کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولیات اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

فرحان محبوب سے میچ کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ پاکستانی حریف سے مقابلہ دلچسپ رہا اور انھوں نے اچھا کھیل پیش کیا، پاک مصر سیریز سے میزبان کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئیگی۔ پاکستان کے نمبرون پلیئر فرحان محبوب نے کہاکہ ملک میں انٹرنیشنل اسکواش کی بحالی بہت بڑی کامیابی ہے، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، حریف پلیئر نے شاندار کھیل پیش کیا۔

یاد رہے کہ پاک مصر اسکواش سیریز میں اتوار کودو میچز کھیلے جائیں گے۔ مصحف اسکواش کمپلیکس میں پہلا مقابلہ اسرار احمد اور مصرکے عبدالغر جبکہ دوسرا میچ عبدالگوار اور فرحان محبوب کے مابین ہوگا۔ اس موقع پرچیف آف آرمی اسٹاف قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی ہونگے۔

 
Load Next Story