ومبلڈن اسٹار پلیئرز کی مایوس کن پرفارمنس

جوکووک، نڈال، کیربر اور ہالیپ فائنل تک رسائی میں ناکام


Abdul Aziz July 16, 2017
ومبلڈن میں شکست پر اینجلیک کیربر سے ورلڈ نمبرون پلیئر کا تاج بھی چھن گیا۔ فوٹو: فائل

ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ 2017 میں اسٹار پلیئرز کی پرفارمنس مایوس کن رہی، نووک جوکووک، رافیل نڈال، اینجلیک کیربر اور سیمونا ہالیپ نے فائنل سے قبل ہی ہمت ہاردی۔

مینز سنگلز کے دفاعی چیمپئن اینڈی مرے کا قصہ کوارٹر فائنل میں امریکی پلیئر سام کیورے کے ہاتھوں تمام ہوگیا ، 29 سالہ اور ورلڈ رینکنگ میں 28ویں پوزیشن کے حامل امریکی کھلاڑی کیورے کی جیت کا اسکور 3-6، 6-4، 6-7 (4/7)،6-1 اور6-1 رہا،وہ اپنی 42ویں کوشش میں پہلی بار کسی گرینڈ سلم کے سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے لیکن وہ اسی مرحلے تک محدود رہے کیونکہ سیمی فائنل میں مارن نے انھیں شکست سے دوچار کردیا۔

سابق عالمی نمبرون نووک جوکووک کا کندھا بھی رائونڈ 8 میں جواب دے گیا وہ ٹوماس بریڈیچ کے خلاف کوارٹر فائنل میں دستبرداری پر مجبور ہوگئے، یاد رہے کہ انھوں نے گذشتہ برس بھی 2015 کے چیمپئن نووک جوکووک کو تیسرے مرحلے میں زیرکیا تھا لیکن اس بار بریڈیچ کیخلاف نووک جوکووک کو کندھے میں تکلیف نے میچ مکمل کرنے سے باز رکھا، ابتدائی سیٹ 7-6(7/2) سے ہارنے کے بعد دوسرے سیٹ میں بھی ابتدائی دونوں گیمز ہارجانے پر مقابلے سے دستبردار ہوگئے۔9 سیڈ جاپانی کائی نیشکوری کھلاڑی کو اسپینش پلیئر روبرٹو بوٹسٹا نے تیسرے رائونڈ میں ٹھکانے لگادیا۔

ایک اور سابق چیمپئن رافیل نڈال بھی سیزن کے تیسرے گرینڈ سلم ومبلڈن کے پری کوارٹر فائنل میں اپ سیٹ شکست کے بعد رخصت ہوگئے، انھیں لگسمبرگ سے تعلق رکھنے والے جائلز مولر نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2 سے ہرادیا، ابتدائی دو سیٹ ہارجانے والے نڈال نے تیسرے اور چوتھے سیٹ میں کامیابی کی بدولت میچ میں واپسی کی بھرپور کوشش کی تھی لیکن پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں انھیں 13-15 سے ناکامی کا سامنا رہا۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پانچویں سیٹ میں شاندار کھیل دیکھنے کو ملا جہاں نڈال اور مولر، دونوں نے شاندار کھیل پیش کیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پانچویں راؤنڈ کا کھیل 28 گیمز تک جاری رہا، ساڑھے چار گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہنے والے مقابلے کے آخری سیٹ کے 28ویں گیم میں نڈال کی غلطی کا مولر نے پورا فائدہ اٹھایا اور سیٹ جیت کر انھیں ایونٹ سے ناک آئوٹ کردیا، انھوں نے ابتدائی دو فریمز 6-3،6-4 سے جیتنے کے بعد تیسرے اور چوتھے سیٹ میں 3-6 اور4-6 سے ناکامی کا سامنا کیا تھا۔

ومبلڈن میں شکست پر اینجلیک کیربر سے ورلڈ نمبرون پلیئر کا تاج بھی چھن گیا، جرمن پلیئر کو چوتھے رائونڈ میں اسپینش کھلاڑی گاربین مگروزا نے 4-6، 6-4 اور6-4 سے ٹھکانے لگایا، گذشتہ برس کی ومبلڈن فائنلسٹ کیربر کی رواں سیزن میں پرفارمنس خاصی مایوس کن رہی ہے، وہ اب تک منعقدہ تینوں گرینڈ سلم میں سے کسی بھی ایونٹ کے رائونڈ8 میں بھی جگہ نہیں بناپائیں، ان کی جگہ اب کیرولینا پلسکووا کو عالمی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن مل گئی، وہ اگرچہ ومبلڈن کے دوسرے مرحلے میں ناکام ہوگئی تھیں تاہم ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں سیکنڈ سیڈ سیمونا ہالیپ کی جوہانا کونٹا سے شکست پر ان کیلیے ورلڈ ٹاپ پوزیشن کا حصول ممکن ہوگیا، وہ ورلڈ نمبرون بننے والی 23ویں پلیئر بنی ہیں۔

برطانوی اسٹار جوہانا کونٹا فرنچ حریف کیرولین گارشیا کو 7-6(7/3)،4-6 اور6-4 سے مات دیکر کوارٹر فائنل تک پہنچی تھیں، وہ 33 برسوں میں ہوم ایونٹ کے کوارٹر فائنل تک رسائی پانیوالی پہلی انگلش پلیئر بنیں، ان سے قبل 1984 میں جوئے ڈیوری نے رائونڈ8 میں جگہ بنائی تھی جبکہ انگلینڈ کی ورجینیا ویڈ نے 40 برس قبل 1977میں آخری بار ویمنز سنگلز ٹرافی اپنے نام کی تھی، انھوں نے 39 برس بعد سیمی فائنل تک پہنچنے والی انگلش کھلاڑی کااعزاز بھی پایا، ان سے قبل 1978 میں ورجینیا ویڈ کی صورت آخری انگلش پلیئر نے ومبلڈن کے سیمی فائنل میں حصہ لیا تھا۔

ایونٹ میں شریک پاکستانی اسٹار اعصام الحق نے مینز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز میں حصہ لیا، مسکڈ ڈبلز میں انھیں اور ان کی جرمن پارٹنر پارٹنر اینا لینا گرونفیلڈ پہلی آزمائش میں ناکام ہوگئے، 13 سیڈنگ جوڑی نے اپنے سفرکی شروعات دوسرے رائونڈ سے کی ، تاہم انھیں فن لینڈ کے ہینری کونٹین اور برطانیہ کی ہیتھر واٹس نے 1-6 اور3-6 سے شکست دے دی جبکہ مینز ڈبلز میں اعصام اور رومانیہ سے تعلق رکھنے والے ان کے پارٹنرفلورین میرجیا پر مشتمل14 سیڈنگ جوڑی نے دوسرے رائونڈ میں آسٹرین کھلاڑیوں جولین نوول اور فلپ اوسوالڈ کوشکست دی جہاں ان کی جیت کا اسکور 5-7، 7-5، 6-3 اور7-6(7/5) رہا لیکن تیسرے رائونڈ میں انھیں لوکاس کوبوٹ اور مارسیلو میلو نے ہرادیا۔

ومبلڈن کے دوران ہی گرینڈ سلم ایونٹس میں سب سے زیادہ میچز جیتنے کا ریکارڈ راجرفیڈرر نے سرینا ولیمز سے چھین لیا، سوئس ماسٹر نے یہ کارنامہ تیسرے رائونڈ میں جرمن حریف مسچا زیوریف کو 7-6 (7/3)، 6-4 اور6-4 سے ہراکر انجام دیا، یہ ومبلڈن میں ان کی 87ویں جبکہ مجموعی طور پر گرینڈ سلم میں 317ویں میچ فتح رہی، تاہم انھوں نے فائنل تک رسائی حاصل کرتے ہوئے اپنی مجموعی فتوحات کا سلسلہ 320 میچز تک دراز کرلیا ہے، اس سے قبل سرینا ولیمز 316 فتوحات کے ساتھ اس ریکارڈ کی مالکہ تھیں، اس فہرست میں مارٹینا نیوراٹلووا (306)، کرس ایورٹ (296)، اسٹیفی گراف(280)، وینس ولیمز (254)، نووک جوکووک (236)، جمی اوکونر(233)، آندرے آگاسی(224)، ایوان لینڈل(222) اور رافیل نڈال (217) بھی نمایاں ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |