فلموں کی ناکامی پرودیا بالن کیا کرتی ہیں۔۔

جب میری فلمیں باکس آفس پر اچھا بزنس نہیں کرتیں تو میں مایوس ہوجاتی ہوں، اداکارہ

کامیابی اور ناکامی ہراداکار کے کرئیرکا حصہ ہوتی ہے، اداکارہ ؛فوٹوفائل

بالی ووڈ کی نامور اداکارہ ودیا بالن کا اپنی ناکام فلموں کے حوالے سے کہنا ہے کہ جب بھی ان کی کوئی فلم ناکام ہوتی ہے تو وہ بہت روتی ہیں۔

فلم کہانی، عشقیہ، پری نیتا اور ڈرٹی پکچر جیسی فلموں سے بالی ووڈ پر راج کرنے والی اداکارہ ودیا بالن کے ستارے ان دنوں گردش میں ہیں، گزشتہ کچھ عرصہ قبل ریلیز ہوئی فلم ''بیگم جان'' سے ودیا کو بہت امیدیں وابستہ تھیں لیکن یہ فلم باکس آفس پرکامیابی حاصل نہ کرسکی اور ناکامی کا شکارہوگئی، بیگم جان کی ریلیزسے قبل فلمی پنڈتوں کا کہنا تھا کہ یہ فلم ودیا کے ڈوبتے ہوئے کیرئیرکو بچانے میں اہم کردار اداکرے گی لیکن ہوا اس کے برعکس بیگم جان نہ صرف ناکامی کا شکار ہوئی بلکہ فلم کو مداحوں کی جانب سے اچھا ردعمل بھی موصول نہیں ہوا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اچھے اور منفرد کردار کے لیے بہت لالچی ہوں، ودیا بالن


بھارتی میڈیا کے مطابق ودیا بالن نےایک انٹرویو کے دوران فلموں کی ناکامی پرمایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب آپ پوری محنت اور لگن سے کام کرتے ہیں تو اچھے نتائج کی امید کرتے ہیں تاہم اگر فلم ناکام ہوجائے توبہت دکھ ہوتا ہے، جب میری فلمیں باکس آفس پر اچھا بزنس نہیں کرتیں تو میں مایوس ہوجاتی ہوں اورمجھے بہت رونا آتا ہے لیکن یہ کیفیت چند دن کے بعد خود ہی ختم ہوجاتی ہے اوراس کے بعد میں اپنی پرانی ڈگر پر واپس آجاتی ہوں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ودیا بالن نے ساتھی ادکارہ کو زور دار تھپڑ رسید کردیا

ودیا نے مزید کہا کہ کامیابی اور ناکامی ہراداکار کے کرئیرکا حصہ ہوتی ہے، ضروری نہیں کہ آپ صرف کامیاب فلمیں ہی دیں بعض اوقات محنت اور کوشش کے باوجود فلم شائقین کے معیار پرپوری نہیں اترتی اورفلاپ ہوجاتی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ دلبرداشتہ ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت باتونی ہیں اسلیے زیادہ دیر فلم کی ناکامی کا سوگ نہیں منا سکتیں بلکہ روکر اپنے دل کا بوجھ ہلکا کرلیتی ہیں اور زندگی میں آگے بڑھ جاتی ہیں۔

واضح رہے کہ ودیا بالن آخری بار رواں سال اپریل میں ریلیز ہوئی فلم ''بیگم جان'' میں نظر آئی تھیں لیکن فلم شائقین کے امیدوں پر پوری اترنے میں ناکام رہی تھی۔
Load Next Story