ہمیشہ کی طرح وزیراعظم سرخرو اور عمران خان شرمندہ ہوں گے مریم اورنگزیب

جس دن نواز شریف نے کارکنوں کو کال دی تو عمران خان کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، وزیر مملکت

عدالتوں سے مفرور شخص دوسروں کے احتساب کی بات کس منہ سے کر رہا ہے، مریم اورنگزیب — فوٹو: فائل

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ساری قوم دیکھ رہی ہے کہ آپ ایک چور، جھوٹے، اور ذہنی مریض ہیں۔

عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ تین عدالتوں سے مفرور شخص دوسروں کے احتساب کی بات کس منہ سے کر رہا ہے؟ ہمیشہ کی طرح وزیراعظم سرخرو ہوں گے اور عمران خان کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا، خان صاحب سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کرپٹ ٹولے کی جماعت بن چکی ہے، جس دن نواز شریف نے اپنے کارکنوں کو کال دی تو آپ کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔


یہ بھی پڑھیں: شریف مافیا نے انصاف کا راستہ روکا تو کارکنوں کو باہرنکلنے کی کال دوں گا،عمران خان

وزیر مملکت کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان اپنے ورکرز کے ساتھ جو کر رہے ہیں وہ پورا پاکستان دیکھ رہا ہے، تحریک انصاف کے ورکرز خان صاحب کی اصلیت جان کر دوسری پارٹیوں میں شامل ہو رہے ہیں جبکہ حیرت اس بات پر ہے کہ سپریم کورٹ پر گندے کپڑے لٹکانے والا شخص آج سپریم کورٹ کی حفاظت کی بات کر رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے عمران خان پر منی لانڈرنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ زکوٰة کے پیسے پر منی لانڈرنگ کرنے والا آج دوسروں پر انگلیاں اٹھا رہا ہے، اداروں کو گالی دینے اور پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والا شخص اداروں کی عزت کی بات کر رہا ہے، عمران خان خیبر پختونخواہ کے احتساب کمیشن کا تالا کھول کر اپنے منہ کو تالا لگائیں۔
Load Next Story