ناظم آبادگلشن میں پولیس مقابلے 3 ڈاکو ہلاک پولیس اہلکار زخمی

ماری پور روڈ پر مقابلہ، زخمی سمیت 2 ڈاکوگرفتار، ملزمان واردات کرکے پیدل فرار ہو جاتے تھے


Staff Reporter February 07, 2013
ماری پور روڈ پر مقابلہ، زخمی سمیت 2 ڈاکوگرفتار، ملزمان واردات کرکے پیدل فرار ہو جاتے تھے فوٹو: فائل

ناظم آباد اور گلشن اقبال میں پولیس مقابلے میں 3 ڈاکو ہلاکہوگئے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ۔

ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، چھینے ہوئے پرس اور نقدی برآمد ہوئی ہے،کلری پولیس نے ماری پور روڈ پر مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ۔ ناظم آباد کے علاقے گول مارکیٹ کے قریب گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا۔ ایس ایچ او ناظم آباد ساجد جاوید نے بتایا کہ ڈاکو گول مارکیٹ کے قریب فاطمہ سپر اسٹور میں لوٹ مار کر رہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی اور مقابلے کے دوران ایک ڈاکو موقع پر جبکہ دوسرا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا ، پولیس اہلکار 28 سالہ منظور حسین ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔

9

ڈاکوؤں کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول اور 30 بور پستول کے علاوہ 5 موبائل فون، خواتین کے پرس اور نقدی برآمد ہوئی ہے ۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی عمریں 25 سے 30 سال کے درمیان ہیں ۔ واردات میں شریک ایک ڈاکو مقابلے کے دوران قریب سے گزرنے والے ایک شخص سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگیا۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ایدھی سرد خانے میں رکھوا دیں۔

گلشن اقبال کے علاقے موتی محل اسلم ہوٹل کے قریب گشت پر مامور پولیس اہلکار وحید الٰہی اور راشد نے مقابلے کے بعد ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ ایک ملزم فرار ہوگیا ، زخمی ڈاکو صدام حسین کو طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا۔ ایس ایچ او گلشن اقبال رانا حسیب نے بتایا کہ ملزمان کلٹس کار میں سوار علی غضنفر نامی شخص سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی، ہلاک ہونے والا ڈاکو نیو کراچی کا رہائشی ہے اور اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول، 8 موبائل فون، 4 پرس اور نقدی برآمد ہوئی ہے ۔ کلری پولیس نے ماری پور روڈ شنواری ہوٹل کے قریب شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے 2 ڈاکوؤں عامر اور ریاض کو مقابلے کے بعد گرفتار کر کے 2 ٹی ٹی پستول برآمد کرلیے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں