فوجی سیاسی قیادت ’’ڈو مور‘‘ سے جان چھڑانیکا لائحہ عمل بنائے سراج الحق

جے آئی ٹی رپورٹ کے ہر صفحے پر حکمرانوں کے اثاثے ہیں مگر ذرائع آمدن کا کچھ پتہ نہیں، گفتگو


Numainda Express July 17, 2017
امریکی مطالبات وبال جان بن چکے ہیں، امریکا بھارت کو علاقے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے۔ فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کی فوجی اور سیاسی قیادت کو امریکی بلیک میلنگ سے مستقل جان چھڑانے کیلیے مشترکہ لائحہ عمل بنانا ہوگا، امریکی دباؤ اور ڈو مور کے مطالبات قومی خود مختاری کیلیے وبال جان بن چکے ہیں۔

سراج الحق نے اسلام آباد میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کا رویہ ہمیشہ سے دوستانہ نہیں حاکمانہ رہاہے، امریکا خطے میں قیام امن کیلیے نہیں بلکہ بھارت کو علاقے کا تھانیدار بنانے اور چین پر نظر رکھنے کیلیے تگ و دو کر رہا ہے، قومی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کیلیے شاہ خرچیوں کو یکسر مسترد اور خود انحصاری کی طرف بڑھنا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ نے حکمران خاندان کو مزید ایکسپوز کردیا ہے، رپورٹ کے ہر صفحہ میں حکمرانوں کے اثاثے تو موجود ہیں مگر ذرائع آمدن کا کچھ پتہ نہیں، دولت بڑھانے کیلیے حکمرانوں کے پاس جوالہ دین کا چراغ تھا ، اب تو اس کی روشنی بھی مدھم ہوگئی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ حکمران ٹولے نے اپنی شاہ خرچیوں اور اللوں تللوں کیلیے قوم کو امریکی اور آئی ایم ایف کے قرضوں کی بیڑیاں پہنادی ہیں جسکی وجہ سے امریکا آئے روز ڈومور کے احکامات دیتا ہے، اسکی ہماری قومی پالیسیوں میں مداخلت بڑھتی جا رہی ہے، حکمرانوں کی طرف سے امریکی تابع داری اور قومی مفادات کو امریکی مفادات کی بھینٹ چڑھانے کے باوجود امریکا نے آج تک پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا نہ حکمرانوں پر اعتماد کیا ۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 70 سال میں امریکا نے کبھی پاکستان کو سہارا نہیں دیا اور جب بھی پاکستان پر کوئی مشکل پڑی ، امریکا نے ہمیشہ دھوکا دیا۔ کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ امریکی ہٹ دھرمی اور بھارت و اسرائیل کی سرپرستی کی وجہ سے حل نہیں ہوسکا ۔ دونوں مقبوضہ مسلم علاقوں میں یہود و ہنود ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہے ہیں، پاکستان نے افغان جنگ میں امریکا کا اتحادی بن کر سب سے زیادہ نقصان اٹھایا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں