منشیات کی لت میں مبتلا ہونے والے بالی ووڈ اسٹارز

اسکول کے دنوں سے ہی منشیات کا استعمال شروع کردیا تھا،رنبیر کپور


ویب ڈیسک July 17, 2017
رنبیر،فردین اورسنجے دت نے کم عمری میں ہی منشیات کا استعمال شروع کردیا تھا؛فوٹوفائل

بالی ووڈ اور نشہ دونوں کو ایک دوسرے سے الگ نہیں رکھا جاسکتا، نشہ ایسی چیز ہے جس میں انسان اگر ایک بار مبتلا ہوجائے تو واپسی بہت مشکل ہوتی ہے، گلیمر اور رنگوں سے بھرپور بالی ووڈ انڈسٹری کا ایک منفی پہلو یہ بھی ہے کہ یہاں تقریباً ہردوسرا اداکارنشے کی عادت میں مبتلا نظرآتا ہے جب کہ کئی اداکاروں کے کیریئر اور زندگی کو برباد کرنے میں منشیات کا بہت بڑاہاتھ ہے۔

رنبیرکپور



بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپورنے 2011 میں انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اسکول کے دنوں سے ہی منشیات کا استعمال شروع کردیا تھاجس کے باعث وہ منشیات کے اس قدر عادی ہوگئے تھے کہ فلم ''راک اسٹار'' کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے اچھا شاٹ دینے کیلئے ڈرگز استمال کی تھیں، تاہم رنبیر سخت کوششوں کے بعد اپنی اس عادت سے جان چھڑانے میں کسی حد تک کامیاب ہوگئے ہیں۔

سنجے دت



بالی ووڈ کے ناموراداکارسنجے دت بھی کم عمری میں ہی بری عادتوں میں مبتلا ہوگئے تھے جن میں منشیات کا استعمال اور غیر قانونی اسلحہ کیس قابل ذکر ہیں، سنجے دت نے ایک انٹرویو کے دوران اس بات کا برملا اظہار کیا تھا کہ 1981 میں اپنی ماں کی موت کے بعد انہوں نے سگریٹ کا استعمال بڑھادیا تھا۔

واضح رہے کہ 1981 میں ہی سنجے دت کی پہلی فلم ''راکی'' ریلیز ہوئی تھی اس وقت سنجے دت کی عمر22 سال تھی اوراس کے اگلے ہی سال 1982 میں وہ منشیات کے کیس میں 5 ماہ کیلئے جیل چلے گئے، سنجے دت کا جیل جانے کا سلسلہ ابھی تک رکا نہیں ہے بلکہ حال ہی میں وہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں 5 سال کی قید کاٹ کررہا ہوئے ہیں۔

دیویا بھارتی



1992 میں ریلیز ہونے والی فلم ''دیوانہ'' کے ذریعے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی ناموراداکارہ دیویا بھارتی بھی نہایت کم عمری میں منشیات کی عادی ہوگئی تھیں، یہاں تک کہ ان کی جان بھی نشے کے باعث ہی گئی، دیویا کی قریبی دوست اور ڈیزائنر نیتا نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ اپنی موت کے وقت وہ شراب کے نشے میں تھیں اور اسی وجہ سے وہ اپنے گھر کی بالکونی سے گرکر ہلاک ہوگئیں۔

فردین خان



ماضی کے مشہوراداکار فیروز خان کے صاحبزادے اداکار فردین خان کو5 مئی 2001 کو اینٹی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے کوکین رکھنے کے الزام میں پانچ دنوں تک حراست میں رکھا تھا، اگرچہ انہیں ضمانت پررہا کردیا گیا تھا لیکن یہ واقعہ ان کے کیرئیراور شخصیت میں ایک بڑا داغ ثابت ہوا، واضح رہے کہ فردین خان کیرئیر کے ابتدائی دنوں کے علاوہ بالی ووڈ میں خاص کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے اس کے علاوہ وزن میں اضافے کے باعث وہ اب بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کرچکے ہیں۔

مینا کماری



فلم ''پاکیزہ'' سے شہرت حاصل کرنے والی ماضی کی معروف اداکارہ مینا کماری بھی منشیات کی لت میں مبتلا تھیں، بھارتی میڈیا کے مطابق مینا کماری نےاپنے شوہر کمال امروہی سے علیحدگی کے بعد کثرت سے منشیات کا استعمال شروع کردیا تھا، وہ نشے کی اس قدر عادی ہوچکی تھیں کہ بنا منشیات استعمال کیے ایک شاٹ بھی نہیں دے پاتی تھیں۔

دھرمیندر



1960 میں فلم ''دل بھی تیرا ہم بھی تیرے'' سے فنی زندگی کا آغاز کرنے والے بالی ووڈ کے معروف اداکاردھرمیندرکی زندگی میں ایک وقت ایسا بھی آیا جب ان کا کیرئیر زوال کا شکار ہوگیا اورانہیں فلمیں ملنا نہایت کم ہوگئیں، دھرمیندر نے 2012 میں فلم ''یملا پگلا دیوانہ 2'' کے پروموشنل انٹرویو کے دوران اس راز سے پردہ اٹھایا کہ وہ 15 سال کی عمر سے منشیات استعمال کررہے ہیں اور ان کے کیرئیر کو خراب کرنے میں شراب نوشی کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں