آئیفا ایوارڈز 2017ء

’اُڑتا پنجاب‘ نے میلہ لوٹ لیا، بہترین فنکار کے ایوارڈ شاہد اورعالیہ کے نام


Qaiser Iftikhar July 18, 2017
اگرایوارڈ تقریب کی بات کی جائے توانٹرنیشنل معیار کے مطابق سجنے والی تقریب کا سیٹ، ریڈ کارپٹ اوردیگرانتظامات بہترین تھے۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ فلموں کی طرح اب ان کے ایوارڈ شوبھی دنیا بھرمیں اپنی مثال آپ بنتے چلے جارہے ہیں۔ ایوارڈز شوکیلئے سجنے والی تقریبات اب بھارت کی سرزمین کوچھوڑ کردنیا کے کونے کونے تک جاپہنچی ہیں۔

اس سلسلہ میں ' انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز ' آئیفا ایوارڈز) نے سب سے اہم کردارادا کیا ہے۔ گزشتہ 18برس سے جاری ایوارڈ شوکی پسندیدگی میں ہرسال اضافہ ہورہا ہے اوراس کوبہت ہی مختصر عرصہ میں بالی وڈ کامعتبرایوارڈ قراردیاجانے لگا ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں منعقد ہونے کے بعد اس مرتبہ آئیفا کا میلہ امریکی ریاست نیویارک میں سجا۔ جہاں بالی وڈکے معروف ستاروں کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے لوگوں کی کثیرتعداد موجود تھی۔

کوئی ان کے ساتھ سیلفی بنوانے کا خواہشمند تھا توکوئی ہاتھ ملانے کا ، کوئی ان سے ڈائیلاگ سننا چاہتا تھا توکوئی گیت، بس یوں کہئے کہ آئیفا ایوارڈز کے رنگا رنگ ایونٹ نے نیویارک ہی نہیں امریکہ بھرمیں بسنے والی مختلف ممالک کی کمیونٹی کواپنا دیوانہ بنا رکھا تھا۔ جونہی ریڈ کارپٹ پرفنکارجلوہ افروز ہوتے توان کا تالیاں بجا کر استقبال کیا جاتا ، جبکہ دوسری جانب کیمروں کی فلیش گن کی چمک سے یہ سماں اوربھی حسین بن جاتا۔ ریڈکارپٹ پرجہاں ہیرواورہیروئنز معروف فیشن برانڈز اورڈیزائنرز کے تیارکردہ دیدہ زیب ملبوسات کے ساتھ تقریب میں شریک ہوئے، وہیں ان کی دلچسپ گفتگواورایوارڈ کے حوالے سے پیش گوئیاں بھی حاضرین کی توجہ کا مرکز بنیں۔

18ویں آئیفا ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی کے فرائض اس مرتبہ معروف اداکارسیف علی خان، ہدایتکاروپروڈیوسرکرن جوہر، رتیش دیش مکھ اورمنیش پال نے انجام دیئے، جبکہ بالی وڈ کے سپرسٹارسلمان خان، کترینہ کپور، شاہد کپور، عالیہ بھٹ، ورون دھون، کیرتی سنن، سوشانت سنگھ راجپوت سمیت دیگرکی ڈانس پرفارمنس نے تقریب کو چارچاند لگائے۔

نیویارک میں منعقد ہونے والے آئیفا ایوارڈز 2017ء کیلئے اس مرتبہ ایوارڈ جیوری نے بہت سے معروف فنکاروںکی پرفارمنس کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں بہترین اداکاراور اداکارہ کی کیٹگری کیلئے نامزد کیا تھا لیکن یہ ایوارڈ اس بار فلم 'اُڑتا پنجاب' میں مرکزی کردارنبھانے والے عمدہ اداکار شاہد کپور اور عالیہ بھٹ کے نام رہا ۔ دونوں فنکاروں کی پرفارمنس بلاشبہ بہترین تھی اوران کوایوارڈ کیلئے مضبوط قراردیا جارہا تھا۔ جیوری کے فیصلے کوسب نے بہت سراہا ۔

آئیفا ایوارڈز2017ء میں شاہد کپور اور عالیہ بھٹ نے میدان مارا، بہترین منفی کردار اداکار جم سرب ( نیرجا ) ، بہترین ڈیبیوفی میل ڈیشا پٹانی ( ایم ایس دھونی ) ، ورون دھون کوبہترین مزاحیہ کردار( ڈشوم) ، دلجیت دوسانج کوبہترین ڈیبیومیل (اُڑتا پنجاب )، امیت مشرا بہترین پلے بیک سنگرمیل، بہترین فلم 'نیرجا '، بہترین ہدایتکارانیرودھ رائے چوہدری ( پنک )، بہترین سپورٹنگ اداکارہ شبانہ اعظمی ( نیرجا ) ، بہترین سپورٹنگ اداکارانوپم کھیر( ایم ایس دھونی )، بہترین نغمہ نگار امیتابھ بھٹا چاریا ( چنا میریا، اے دل ہے مشکل ) ، بہترین پلے بیک سنگرفی میل کانیکا کپور ( دس دس ، اُڑتا پنجاب) اور گلوکارہ تلسی کمار فلم (ائیرلفٹ) ، بہترین میوزک ڈائریکٹرپریتم ( اے دل ہے مشکل )، آئیفا ویمن آف دی ائیرکا ایوارڈ تاپسی پنو کے نام رہا، جبکہ اداکارہ عالیہ بھٹ کوبہترین اداکارہ کے ساتھ ساتھ سٹائل آئیکون کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ دوسری جانب بہترین کہانی کا ایوارڈ سکون بٹرا اورعائشہ ڈھلوں کوفلم ( کپوراینڈ سنز کیلئے دیا گیا۔

ایوارڈ تقریب کی خاص بات جہاں بہت سے فنکاروں کوایوارڈ ملنے کی تھی، وہیں فلمی ستاروں کی مقبول گیتوں پرشاندارپرفارمنس نے ہمیشہ کی طرح آئیفا کودوسروں سے منفرد کیا۔ اس تقریب میں بالی وڈ کی بہت سی معروف شخصیات شریک ہوئیں، ویسٹ انڈیز کے معروف آل راؤنڈر براوو سمیت بہت سی غیرملکی شخصیات بھی آئیفاایوارڈز کے منتظمین کی دعوت پرتقریب میں شریک ہوئیں۔

ایوارڈ شومیں ویسے تومرکزی کردارایوارڈ جیتنے والے بنے، لیکن بالی وڈ سٹار سلمان خان، کترینہ کیف، شلپاشیٹھی، سوناکشی سنہا ، نرگس فخری، انیل کپور، سنیل شیٹھی، ابھے دیول، اے آر رحمان، کیلاش کھیر، زید خان، رتیش دیش مکھ، سونی سود، ہما قریشی، پریتی زینٹا، دیا مرزا اورگلشن گروور سمیت دیگر کے چاہنے والے ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے تاب رہے۔ جونہی ان معروف ستاروںکی انٹری ہال کے باہر سے شروع ہوتی توہال تک پہنچنے تک ان کا بھرپوراستقبال کیا جاتا۔

آئیفاایوارڈز2017ء کے نیویارک میں سجنے والے میلے کے حوالے سے سنجیدہ فلمی حلقوںکا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں ایک سال کے دوران ایک ہزارسے بھی زائد فلمیں بنائی جاتی ہیں۔ لیکن اس مرتبہ جس طرح سے فلموںکا انتخاب کیا گیا اورجیوری نے ایوارڈ کیلئے فنکاروں کی مقبولیت کی بجائے ان کی پرفارمنس کومدنظررکھتے ہوئے ایوارڈز سے نوازا ہے، اس سے جہاں بہت سے معروف ستاروںکو تکلیف پہنچی ہے، وہیں فنکاروں کی اکثریت اطمینان بھی محسوس کررہی ہو گی کیونکہ اکثر ایوارڈز شومیں جب سپرسٹارز شرکت کرتے ہیں توان کوایوارڈ دینا منتظمین کی اولین ''ذمہ داری ''بن جاتا ہے۔ مگراس بار شاہد کپور اور عالیہ بھٹ نے معمول سے ہٹ کراپنی صلاحیتوں کے جوہردکھائے اورایسے کردارادا کئے کہ ان کوایوارڈ ملنا ہی چاہئے تھا۔

اسی طرح فلم ''نیرجا'' کوبہترین فلم قراردیا گیا ، بلکہ ورسٹائل شبانہ اعظمی اورولن کا کردار نبھانے والے جم سرب کودیا گیا۔ اگردیکھا جائے تواس بار سامنے آنے والے نتائج نے ایک بات توطے کردی ہے کہ اب بالی وڈ ایک نئی سمت کی جانب آگے بڑھ رہا ہے۔ وہاں پرسٹارڈم کونوازنے کی بجائے ایسی پرفارمنسز کو زیادہ اہمیت دی جارہی ہے، جس سے ایک فنکارکی صلاحیتیں اجاگر ہوتی ہیں۔

دوسری جانب اگرایوارڈ تقریب کی بات کی جائے توانٹرنیشنل معیار کے مطابق سجنے والی تقریب کا سیٹ، ریڈ کارپٹ اوردیگرانتظامات بہترین تھے، جس کی بدولت انٹرنیشنل میڈیا نے بھی آئیفا کوبھرپور کوریج دی۔ اگریہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا توآنے والے دنوں میں بالی وڈکا مقام اورآگے بڑھے گا اوردنیا بھرکے معروف فنکاراس انڈسٹری کا حصہ بننے پر غور کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں