چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن کی تحلیل کا مطالبہ مستردکردیا
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم نے الیکشن کمیشن کی تحلیل کا مطالبہ مستردکردیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنرجسٹس(ر)فخرالدین جی ابراہیم نے کہا کہ مجھ سمیت تمام ارکان کی تقرری قانون اورآئین کے مطابق ہوئی ہے، کمیشن کے کسی رکن کی کوئی سیاسی وابستگی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ارکان کی ذاتیات پرحملے ناقابل قبول ہیں اور صرف سیاسی مقاصد کے لئے الیکشن کمیشن کوبدنام کیا جارہا ہے۔
فخرالدین جی ابراہیم نے کہا کہ حکومت کی مدت پوری ہونے میں صرف 6ہفتے رہ گئے ہیں اور اس وقت اس طرح کی تنقید کرنا افسوس کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیادالزام لگانے کے بجائے سیاسی جماعتیں آئندہ ہونے والے عام انتخابات کی تیاری کریں۔
واضح رہے کہ تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری،پاکستان تحریک انصاف اورمسلم لیگ(ق)نے الیکشن کمیشن پراپنے تحفظات کا اظہارکیا ہے، ان جماعتوں کا کہنا ہے کہ انہیں چیف الیکشن کمشنر پرکوئی اعتراض نہیں لیکن دیگرارکان کی تقرری آئین اورقانون کے مطابق نہیں ہوئی ۔
ڈاکٹرطاہرالقادری نے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو سے متعلق سپریم کورٹ میں آج ایک پٹیشن بھی دائر کی ہے۔