بالی ووڈ کے بڑے اداکاروں کی آئیفا میں عدم شرکت کی وجہ سامنے آگئی

بالی ووڈ کے صف اول کے اداکار اور اداکاراؤں کی عدم شرکت نے ایوارڈز کی معتبریت پر سوالیہ نشان لگادیا۔


ویب ڈیسک July 18, 2017
آئیفا ایوارڈز میں بچن خاندان، کرینہ، پریانکا، دپیکا، انوشکا اور دیگر معروف اداکار شریک نہیں ہوئے — فوٹو : فائل

نیویارک میں گزشتہ دنوں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل انڈین فلمزاکیڈمی (آئیفا) ایوارڈزکی تقریب میں بالی ووڈ کے صف اول کے اداکار اور اداکاراؤں کی عدم شرکت نے اس کی معتبریت پرسوالیہ نشان لگادیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے شہنشادہ امیتابھ بچن اوران کا پورا خاندان بمشول ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن، شاہ رخ خان، عامر خان، اکشے کمار، رنبیر کپور، رنویر سنگھ، دپیکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا، کرینہ کپور، سونم کپور اور انوشکا شرما آئیفا ایوارڈز کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔

فلم پروڈیوسر اور سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن کے چیئرپرسن پھالاج نیہالانی نے آئیفا کے اس روپ سے پردہ اٹھانے کی کوشش کی ہے جس سے شائد زیادہ تر لوگ واقف نہیں ہیں۔ دنگل، ایئرلفٹ، رئیس، اور رستم جیسی کامیاب فلموں کے باوجود ان فلموں کو بہترین فلم کا ایوارڈ نہ ملنا بالی ووڈ شائقین کے لیے دھچکے سے کم نہیں ہے تاہم اب پھالاج نیہالانی نے اس حقیقت سے پردہ اٹھادیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئیفا ایوارڈز کا میلہ شاہد کپور اورعالیہ بھٹ نے لوٹ لیا

ان کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے جان بوجھ کر آئیفا ایوارڈز کا بائیکاٹ کیا گیا کیوں کہ وہ سمجھتے ہیں کہ 2011 میں جب امیتابھ بچن نے آئیفا کا بائیکاٹ کیا تھا تب ہی یہ ایوارڈ شو اپنی معتبریت اور نسبت کھوچکا تھا۔ انہوں نے رواں برس کی جانے والی نامزدگیوں پربھی تنقید کی اور اسے منتظمین کی منافقت قراردیا۔ پھالاج نیہالانی نے کہا کہ منتظمین نے فلم دنگل کے لیے عامر خان اور ایئرلفٹ اور رستم کے لیے اکشے کمار کو محض اس لیے نامزد نہیں کیا گیا کیوں کہ انہیں معلوم تھا کہ یہ دونوں اداکار ایوارڈز فنکشن کی آڑ میں ہونے والے تفریحی پروگرام میں شرکت نہیں کریں گے۔

پھالاج نیہالانی نے یہ انکشاف بھی کیا کہ کئی اداکار جو آئیفا میں شرکت کے لیے نیویارک گئے تھے انہوں نے بھی ایوارڈز تقریب میں شرکت نہیں کی کیوں کہ وہ تقریب سے قبل رات بھر پارٹیوں میں مصروف رہے اور تھکن سے اتنے چور ہوگئے کہ تقریب میں ہی نہیں آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئیفا ایوارڈز کی تقریب بیرون ملک منعقد کی جاتی ہے اور یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ آئیفا بھارتی سنیما کو دنیا بھر میں فروغ دے رہا ہے جبکہ یہ سراسر جھوٹ ہے، آئیفا میں صرف بالی ووڈ کی نمائندگی ہوتی ہے اور صرف بالی ووڈ ہی بھارتی سنیما نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس تقریب پر ملک کا بھاری زرمبادلہ خرچ ہوتا ہے، اداکاروں، ان کے رشتے داروں، دوستوں وغیرہ کو ٹکٹ فراہم کیے جاتے ہیں یہاں تک کہ انہیں شاپنگ کے بھی پیسے دیے جاتے ہیں، ممکن ہے آئیفا کو مالی معاونت بھی حاصل ہوتاہم اس سے بھارتی حکومت کو کیا فائدہ ہورہا ہے، گزشتہ 18 برس سے آئیفا سے بھارتی سنیما کو کتنا فائدہ پہنچا، یہ محض چھٹیاں گزارنے کا ایک بہانہ ہے اور کچھ نہیں۔

خیال رہے کہ انوشکا شرما ان دنوں نیویارک میں ہی موجود ہیں تاہم انہوں نے آئیفا میں شرکت کے بجائے اپنے قریبی دوست بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دی۔ شاہ رخ خان نے بھارت میں ہی رہ کر اپنی آنے والی فلم جب ہیری میٹ سیجل کی تشہیر کی، رنبیر کپور بھی امریکا میں تھے لیکن انہوں نے ایوارڈز تقریب میں شرکت نہیں کی، دپیکا پڈوکون اپنی آنے والی فلم پدماوتی کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور دپیکا کے نہ جانے کی وجہ سے رنویر سنگھ بھی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ کرینہ کپور کے شوہر سیف علی خان نے کرن جوہر کے ساتھ تقریب کی میزبانی کے فرائض انجام دیے تاہم خود کرینہ نے تقریب میں شرکت نہیں کی۔ پریانکا چوپڑا کی بھی کوئی خاص مصروفیات نہیں تھیں لیکن انہوں نے ممبئی میں رہ کر اپنی سالگرہ منانے کو ترجیح دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں