کراچی میں ہر پولنگ اسٹیشن پر فوج تعینات ہوگی چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر)فخرالدین جی ابراہیم نے کراچی کے ہر پولنگ اسٹیشن میں فوج کی تعیناتی کی منظوری دیتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) فخر الدین جی ابراہیم سے جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کی سربراہی میں مسلم لیگ(ن) ،سنی تحریک اور دیگرجماعتوں کے رہنماؤں نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سیاسی جماعتوں نے کراچی کے ہر پولنگ اسٹیشن پر فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا،انہوں نے شہر میں سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے عمل پر تحفطات کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ فوج صرف اہلکاروں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہے، گھر گھر تصدیق کے لئے ان کے ساتھ نہیں۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس فخر الدین جی ابراہیم نے سیاسی جماعتوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں روز کئی لوگ مررہے ہیں لیکن امن و امان کا قیام الیکشن کمیشن کی ذمہ داری نہیں، اس کے باوجود الیکشن اپنے مقررہ وقت پر اور غیر جانبدارانہ ہوں گے، شہر میں قائم ہر پولنگ اسٹیشن پر ایک فوجی اہلکار موجود ہوگا جو پولنگ کے آغاز سے انتخابی نتیجے کے اعلان تک موجود رہے گا۔