بلاول بھی عمران خان کی زبان بولنے لگے دانیال عزیز

جے آئی ٹی نے جو تحقیقات کی ہیں وہ 60 دن میں ممکن ہی نہیں ہے، رہنما مسلم لیگ (ن)


ویب ڈیسک July 18, 2017
جماعت اسلامی کو پاناما کیس میں 450 نام واپس لینے پر کس نے مجبور کیا، رہنما (ن) لیگ فوٹو : فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیراعظم کے استعفی کا مطالبہ کرکے عمران خان کی زبان بولنی شروع کردی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے پاناما کیس کو سپریم کورٹ لے جانے والی جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے 2016 میں پاناما لیکس سے متعلق سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی اس میں 450 افراد کا نام تھا لیکن 2017 میں اس نے ترمیم شدہ درخواست دائر کی جس میں صرف شریف فیملی کا نام تھا، لہذا جماعت اسلامی جواب دے کہ اسے 450 ناموں سے دستبردار ہونے پر کس نے مجبور کیا تھا، درحقیقت جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے درمیان خیبرپختون خوا کی وزارتوں میں ملی بھگت ہے، جہاں کرپشن ہورہی ہے اور نیب کے دفتر و احتساب کمیشن کو تالے لگا دیے گئے ہیں۔

(ن) لیگ کے رہنما نے کہا کہ پاناما کیس سامنے لانے والی صحافیوں کی عالمی تنظیم آئی سی آئی جے نے سب سے پہلے چوہدری پرویز الہی کے بیٹے مونس الہیٰ کی آف شور کمپنی کا ذکرکیا تھا لیکن انہیں کوئی نہیں پکڑتا۔ مختلف جماعتیں جن کاتعلق اس معاملےسےنہیں وہ بھی سپریم کورٹ آ گئی ہیں، 60 دن میں یہ تحقیقات ممکن ہی نہیں ہے، رپورٹ کی جلد نمبر 10 کو سیل کرکے خود مشکوک کر دیا گیا ہے، جلد نمبر 10 کو اوپن کیا جائے اور وڈیو ریکارڈنگ جاری کی جائیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں