سندھ اسمبلی میں سول سرونٹس ترمیمی بل 2013 منظوراپوزیشن کا واک آؤٹ

اپوزیشن ارکان نے بل کی منظوری پر اجلاس سے واک آؤٹ کرتے ہوئے کہا کہ بل میرٹ کی دھجیاں بکھیررہا ہے اورآئین سے متصادم ہے۔


ویب ڈیسک February 07, 2013
اجلاس میں سندھ ہائی ڈینسٹی ترقیاتی بورڈ ترمیمی بل 2011 بھی متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

سندہ اسمبلی نے سول سرونٹس ترمیمی بل 2013 کثرت رائے سے منظورکرلیا تاہم بل کی منظوری پر اپوزیشن اراکین اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے۔

سندہ اسمبلی کے اجلاس میں وزیر قانون ایاز سومرو نے سندھ سول سرونٹس ترمیمی آرڈیننس 2013 پیش کیا، بل کے مطابق صوبے کے ایسے پولیس افسران اور اہلکاروں کو قانونی تحفظ حاصل ہوگا جنہیں آوٹ آف ٹرن پروموشن دی گئی۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ بل کی منظوری سے ایماندار پولیس افسران کو قانونی تحفظ حاصل ہوگا، بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا تاہم بل پیش کرتے وقت اپوزیشن ارکان واک آوٹ کرگئے۔

اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ یہ بل میرٹ کی دھجیاں بکھیر رہا ہے اور آئین سے متصادم ہے۔ اجلاس میں ایم کیو ایم کے 4 نومنتخب ارکان اسمبلی جمال احمد، ڈاکٹر ارشد ووہرہ، محمد علی راشد اور ندیم ہدایت ہاشمی نے اپنی رکنیت کا حلف بھی اٹھایا۔

اجلاس میں اپوزیشن رہنما عارف مصطفیٰ جتوئی نے عوام کو بنیادی سہولیات نہ دینے سے متعلق حکومتی اراکین کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے بھی اپوزیشن اراکین کو آڑے ہاتھوں لیا۔

اجلاس میں سندھ ہائی ڈینسٹی ترقیاتی بورڈ ترمیمی بل 2011 بھی متفقہ طور پر منظور کیا گیا جبکہ قائم مقام اسپیکر نے ایجوکیشن سٹی بل اور سندھ ہائی ایجوکیشن بل اگلے ہفتے تک مؤخر کرتے ہوئے اجلاس جمعہ تک ملتوی کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں