میڈیا کے منفی پراپیگنڈے نے کراچی کا امیج تباہ کردیا کمشنر کراچی

امریکا، برطانیہ اور دیگر ممالک کے مقابلے میں کراچی میں جرائم بالکل نہیں، پولیس کا کردار اہم ہے۔


Business Reporter February 08, 2013
سپریم کورٹ نے شہری حکومتوں کے کام میں مشکلات پیداکیں، ایف پی سی سی آئی میں خطاب۔ فوٹو: فائل

کمشنر کراچی ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ دنیا کے بڑے شہروں کے مقابلے میں کراچی میں جرائم کی شرح انتہائی کم ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ سندھ کی پولیس قیام امن میں مضبوط کردار ادا کر رہی ہے۔

وہ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان میں تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میکسیکو کے مقابلے میں پاکستان میں جرائم کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے، لیکن میڈیا کے منفی پروپیگنڈے کی وجہ سے کراچی میں جرائم کی شرح بلند نظر آتی ہے۔



انہوں نے کہا کہ چوری ڈکیتی اور قتل و غارت گری کا تناسب دنیا کے دس بڑے شہروں سے کراچی میں بہت کم ہے، لیکن میڈیا نے کراچی کا امیج تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ اونر شپ کا ہے، اس مسئلے کو جس قدر جلدی حل کیا جائے گا جرائم کی شرح میں اتنی تیزی سے کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا برطانیہ سمیت ایشیا کے ایک درجن سے زائد شہروں میں ہونے والے جرائم کے مقابلے میں کراچی میں جرائم بالکل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس میں سپریم کورٹ کی جانب سے حکم امتناعی کی باعث شہری حکومتوں کو اپنا کام کرنے میں بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں