پاناماکیس میں نوازشریف تاحیات نااہل ہوں گے پیپلزپارٹی

حاکم اعلیٰ کا احتساب شروع ہوچکا، نوازشریف کے بیانات اور دستاویزات جھوٹی نکلی ہیں


Numainda Express July 20, 2017
جے آئی ٹی کودیانت داری پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں،کھوسہ،وٹو،ندیم افضل،کنڈی ۔ فوٹو : فائل

پیپلزپارٹی نے کہا ہے کہ پاناماکیس میں نوازشریف تاحیات نااہل ہوں گے، ملک میں حاکم اعلیٰ کا احتساب شروع ہوچکا جبکہ نوازشریف کے بیانات اور دستاویزات جھوٹی نکلی ہیں۔

ان خیالات کااظہار بدھ کو پاناما لیکس کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی پی رہنماؤں سردار لطیف کھوسہ، منظور احمد وٹو، ندیم افضل چن اور فیصل کریم کنڈی نے کیا۔ لطیف کھوسہ نے کہاکہ متحدہ اپوزیشن کے فیصلے کے مطابق آج بھی پیپلزپارٹی کا وفد سپریم کورٹ کی سماعت میں موجود رہا۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ جمع ہوچکی ہے۔ منی لانڈرنگ کے ذریعے اثاثے بنائے گئے، پاناما کیس میں نوازشریف تاحیات نااہل ہوںگے۔ حکومت کی طرف سے جے آئی ٹی کو دھمکیاں دی گئیں لیکن پھر بھی ٹیم نے اپنا کام مکمل کیا۔ جے آئی ٹی کو دیانتداری سے کام کرنے پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں،اب نوازشریف کے وکیل کے پاس دینے کے لیے کوئی دلائل نہیں۔ نوازشریف جھوٹ پر جھوٹ بولے جارہے ہیں اور جعلی دستاویزات پیش کررہے ہیں جو جھوٹ بولنے سے بھی بڑا جرم ہے جبکہ وزیرخزانہ کی آج سپریم کورٹ میں جو درگت بنی وہ سب کے سامنے ہے۔

انھوں نے خود ٹیکس جمع نہیں کرایا اور دبئی کے اقامہ ہولڈرنکلے۔ لطیف کھوسہ نے کہاکہ امید ہے کہ اسی ہفتے میں عدالت سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلے گی اور 14 اگست سے پہلے قوم کو خوشخبری اور آزادی ملے گی۔ منظور وٹو نے کہاکہ شریف خاندان نے سوچا کہ کاروبار میں اتنا پیسہ نہیں جتنا سیاست میں ہے۔ انھوں نے جو ظلم و زیادتیاں کی ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ ابھی تک دبا رکھی ہے۔ اب ان پر اللہ کی پکڑ آرہی ہے۔ یہ کرپشن کے بادشاہ ہیں اور بڑے منصوبے شروع کرتے ہیں جن میں بڑی کک بیک اور کمیشن ہو، ملک میں حاکم اعلیٰ کا احتساب شروع ہوچکا، اب ملک مہذب ممالک کی طرح کرپشن سے پاک ہوجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں