پی ایس ٹی ملازمین ساڑھے 4 سال کی تنخواہ سے محروم

وزیراعظم کو خط لکھ دیا، ریاض پیرزادہ کے دفترکے باہر بھوک ہڑتال کا بھی فیصلہ


وزیراعظم کو خط لکھ دیا، ریاض پیرزادہ کے دفترکے باہر بھوک ہڑتال کا بھی فیصلہ فوٹو: فائل

پاکستان اسپورٹس ٹرسٹ کے ملازمین ساڑھے 4 سال سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔

ملازمین نے وزیر اعظم کو خط لکھنے اور وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ کے دفترکے باہر بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان اسپورٹس بورڈکے باخبرذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عالمی کھیلوں کے مقابلوں میں مثبت نتائج حاصل کرنے کیلیے وزارت بین الصوبائی رابطہ امورکے تحت پا کستان اسپورٹس ٹرسٹ2001 میں قائم ہوا، سائوتھ ایشین گیمزسے قبل بین الاقوامی مقابلوں میں مثبت نتائج حاصل کرنے اور قومی فیڈریشنز کو اسپانسر شپ کے ذریعے فنڈز مہیا کرنے کیلئے 2001 میں پاکستان اسپورٹس ٹرسٹ کا قیام عمل میں لایا گیا اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت 9 ملازمین بھرتی کیے گئے۔

سیکریٹری اظہر دین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد وارث، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن اے وسیم، اکائونٹ آفیسر وقار حسین، ایڈمن آفیسر مسعود اکبر عثمانی، سیکیورٹی گارڈ نزاکت حسین، آفس بوائے عبدالخالق، سوئپرگلزار مسیح کو بھرتی کیا گیا اور پی ایس بی کے پے اسکیلز کے تحت تنخواہیں اور دیگر مراعات دی گئیں، اس دوران پی ایس ٹی کے تحت سائوتھ ایشین گیمز کے کامیاب انعقاد کے علاوہ قومی فیڈریشن کو پی ایس ٹی کی طرف سے فنڈز اور اسپانسر مہیا کئے گئے، یکم جنوری 2005 میں پاکستان اسپورٹس ٹرسٹ نے ملک میں کھیلوں کی ترقی اور کھلاڑیوں کی بہبود کیلیے جامع پلان وزارت بین الصوبائی رابطہ امور کو ارسال کیا۔

اس کے بعد ایک نوٹیفکیشن کے تحت تمام ملازمین کا تبادلہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مخلتف ونگزمیں کردیا گیا اور وزارت کی طرف یکم ستمبر 2012 کو بھیجے جانے والے لیٹر کے بعد پاکستان اسپورٹس بورڈ کے فنانس ڈویژن نے پی ایس ٹی کے ملازمین کی تنخواہوں کوروک دیا، ملازمین سے کہا گیا کہ وزارت کی طرف سے ہدایات موصول ہونے پر تنخواہیں ادا کی جائیں گی۔

پاکستان اسپورٹس ٹرسٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن اے وسیم نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار سے زائد برسوں سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مختلف سکیشنز میں کام کر رہے ہیں لیکن تنخواہ نہیں ملتی، ہمارے بچے ہیں، مہنگائی کے دور میں کیسے گزارا کریں۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ میں مختلف عہدوں پر کام کرنے والے ملازمین بھاری تنخواہوں کے ساتھ بورڈ میں مفت رہائش پذیر ہیں۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے فنانس ڈویژن کے آفیشل نے کہاکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے بجٹ میں پی ایس ٹی کیلیے کوئی رقم مختص نہیں، حکومت کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد پی ایس ٹی ملازمین کے بقایاجات اداکردیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں