بی جے پی رہنما رام ناتھ کووند بھارت کے نئے صدر منتخب

رام ناتھ کووند بھارت کے 14ویں صدر کی حیثیت سے 25 جولائی کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

رام ناتھ کووند ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس)سے تعلق رکھتے ہیں : فوٹو : فائل

حکمران جماعت بی جے پی کے امیدوار رام ناتھ کووند 65 فیصد ووٹ لے کر بھارت کے 14 ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے نامزد امیدوار رام ناتھ کووند 65 فیصد سے زائد ووٹ لے کر نئے بھارتی صدر منتخب ہوگئے ہیں، صدارتی انتخابات میں اپوزیشن جماعت کانگریس کی جانب سے لوک سبھا کی پہلی خاتون اسپیکر میرا کمار کو امیدوار نامزد کیا گیا تھا جب کہ حکمران اتحاد نے مشترکہ طور پر اپنا صدارتی امیدوار بہار کے گورنر رام ناتھ کووند کو منتخب کیا تھا دونوں صدارتی امیدواروں کا تعلق دلت برادری سے ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارتی صدر کے انتخاب کے لیے معیار!


تاہم اب بی جے پی کی منافقت کھل کرسامنے آگئی ہے کیوں کہ رام ناتھ کووند کا تعلق ہندو انتہا پسند راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے بھی ہے بھارتیہ جنتا پارٹی اور آرایس ایس دونوں ہمیشہ سے دلتوں کے سخت خلاف رہے ہیں جب کہ ان کے خفیہ گروپ تاحال دلتوں کے خلاف سازشوں میں ملوث رہتے ہیں اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے25 کروڑ دلتوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے رام ناتھ کو صدارتی امیدوار نامزد کیا تھا۔

موجودہ صدر پرناب مکھرجی کے دور صدارت کی مدت 24 جولائی کومکمل ہوجائے گی جب کہ رام ناتھ کووند 25 جولائی کو بھارت کے 14 ویں صدر کا حلف اٹھائیں گے۔

 
Load Next Story