جی ایس پی پلس جائزہ وزارت تجارت وفد یورپ بھیجے گی

یورپی ارکان پارلیمنٹ کوپاکستان کی حمایت پرآمادہ کرنے کی کوشش کرے گا،ذرائع


علیم ملک July 21, 2017
یورپی ارکان پارلیمنٹ کوپاکستان کی حمایت پرآمادہ کرنے کی کوشش کرے گا،ذرائع۔ فوٹو : فائل

جی ایس پی پلس اسکیم کے آئندہ وسط مدتی جائزے میں یورپی پارلیمنٹ کے ممبران کی حمایت حاصل کرنے کیلیے وزارت تجارت نے اپنا وفد یورپی یونین بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے جو مختلف اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ہو گا اور یورپی پارلیمنٹ کے مختلف رہنماؤں سے رابطے کرے گا۔

وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق جی ایس پی پلس اسکیم کا وسط مدتی جائزہ جنوری 2018 میںہو گا جس میں پاکستان کی جانب سے یورپی یونین کے 27 کنونشنز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا، اس جائزے میں پاکستان کی حمایت کے لیے وزارت تجارت نے وفد یورپی یونین بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے جو یورپی پارلیمنٹ کے اراکین سے رابطے کرے گا اور انہیں اس وسط مدتی جائز ے کے دوران پاکستان کی حمایت پر آمادہ کرنے کی کوشش کرے گا، وفد یورپی ارکان پارلیمنٹ کو 27 کنونشنز پر عمل درآمد کے لیے پاکستانی اقدامات سے آگاہ کرے گا۔

ذرائع کے مطابق وفد کی تشکیل کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور وفد میں وزارت داخلہ، ماحولیاتی تبدیلی، وزارت تجارت، ایف بی آر اور وزارت انسانی حقوق کے نمائندے شامل ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ سال کے وسط مدتی جائزے کے دوران پاکستان کا اسکور کارڈ بہت بہتر رہا تھا تاہم اس سال برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدہ ہونے کی وجہ سے پاکستان متاثر ہو سکتا ہے جبکہ بچوں اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے اقدامات کے مفید نتائج ملیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں