ڈاکٹر محمد علی شاہ پاپوش نگر کے قبرستان میں سپردخاک

نماز جنازہ میں سیاسی رہنمائوں، کھلاڑیوں اور عزیز و اقارب سمیت ہزاروں افراد کی شرکت

نماز جنازہ میں سیاسی رہنمائوں، کھلاڑیوں اور عزیز و اقارب سمیت ہزاروں افراد کی شرکت فوٹو: فائل

ممتازآرتھو پیڈک سرجن، سابق حق پرست صوبائی وزیر ڈاکٹر محمد علی شاہ کو جمعرات کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں پاپوش نگرکے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔

مرحوم کی نما زجنازہ اصغر علی شاہ اسٹیڈیم میں ادا کی گئی،نمازجنازہ ممتاز عالم دین مولانا احترام الحق تھانوی نے پڑھائی ، قبل ازیں جب مرحوم کا جسد خاکی نما ز جنازہ کیلیے ان کی رہائش گاہ سے اٹھایا گیا تو کہرام مچ گیا ،اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی اورمرحوم کے عزیز واقارب ،کھلاڑی، کھیلوں کی تنظیموں کے عہدیدار اور پرستار شدت غم سے نڈھال تھے ۔




خون کے کینسر میں مبتلاوزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد علی شاہ امریکا کے شہر ہیوسٹن کے ایم ڈی اینڈرن اسپتال میںکیمو گرافی کے دوران دل کا دورہ پڑ جانے سے انتقال کرگئے تھے،ان کی میت جمعرات کی صبح دبئی کے راستے کراچی پہنچی، مرحوم کی نما ز جنازہ اور تدفین میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرڈاکٹر فاروق ستار ، ڈاکٹر نصرت ، وفاقی وزیرسینیٹر بابر خان غوری ،سینیٹر و سابق سٹی ناظم سید مصطفی کمال،کنور خالد یونس، اقبال محمد علی،خالد بن ولایت، فیصل سبزواری،خواجہ اظہار الحسن ،خالد عمر ،حماد صدیقی، عارف خان ایڈووکیٹ کے علاوہ پیپلزپارٹی کے رہنما راشد ربانی، وقار مہدی ، نجمی عالم ، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما امیر نواب ، مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما امتیا زشیخ ، جام مدد علی،شہر یار مہر، سماجی رہنما انصار برنی ، پی سی بی کے ڈائریکٹر جنرل اور سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد، وسیم باری ، شاہد خان آفریدی ، راشد لطیف ،معین خان،صلاح الدین صلو،پاکستان سپر لیگ کے بدر رفاعی، ہاکی کے سابق قومی کپتان اصلاح الدین ،اولمپئن وسیم فیروز، اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے محمد شفیع، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے چیئر مین وسیم ہاشمی،سیکریٹری احمد علی راجپوت،صوبائی سیکریٹری کھیل سعید اعوان، صوبائی سیکریٹری امور نوجوانان شعیب احمد صدیقی،سیکرٹری پاکستان باکسنگ فیڈریشن اکرم خان، سابق کورکمانڈر لیفٹینٹ جنرل(ر) جاوید ضیا، پیر آف رانی پور پیرفرزند علی شاہ ،شجاعت علی بیگ، ڈاکٹر قیصر سجاد، صحافی ، شعرا ، شعبہ طب کی مایہ ناز شخصیات کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت عزیز واقارب نے شرکت کی۔

مرحوم کے صاحبزادوں ڈاکٹر جنید علی شاہ اور ڈاکٹر عمران علی شاہ نے میت کو لحد میں اتارا جبکہ حق پرست صوبائی وزیر عبدالحسیب خان نے دعا کرائی ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور سندھ حکومت کے محکمہ کھیل کی جانب سے قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ دریں ثناء ڈاکٹر محمد علی شاہ کا سوئم ہفتہ کو مرحوم کی رہائشگاہ واقعF-97/Fنارتھ ناظم آباد میںبعد عصر تا مغرب ہوگا جس میں مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلیے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی جائے گی۔
Load Next Story