موت کے منہ سے واپس آنے والے بالی ووڈ ستارے

بالی ووڈ اسٹارز شوٹنگ کے دوران سنگین حادثات کا شکار ہوچکے ہیں


ویب ڈیسک July 21, 2017
شاہ رخ، ایشوریا اور ہرتیک فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئے تھے؛فوٹوفائل

حادثات ہماری زندگی کا حصہ ہوتے ہیں ہرکوئی کبھی نہ کبھی اپنی زندگی میں حادثے کا شکارہوتا ہے ، کبھی یہ حادثات معمولی نوعیت کے ہوتے ہیں اور کبھی اتنے بڑے کہ انسان موت کے منہ میں جانے سے بال بال بچتا ہے۔بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والے اداکار بھی عام انسانوں کی طرح حادثات کا شکار ہوتے ہیں، کئی اداکار معمولی نوعیت اور کئی سینگن حادثات کا شکار ہوچکے ہیں۔

کنگنا رناوت



حال ہی میں اداکارہ کنگنا رناوت اپنی نئی فلم ''مانی کارنیکا:کوئین آف جھانسی'' کی شوٹنگ کے دوران تلوار بازی کی مشق کرتے ہوئے زخمی ہوگئیں ڈاکٹرز کے مطابق ان کے سر پر 15 ٹانکے آئے ہیں اور انہیں آئی سی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے تاہم اب ان کی حالت پہلے سے بہتر ہے اور جلد ہی انہیں ڈسچارج کردیا جائے گا۔

سلمان خان:



بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان 2003 میں فلم ''تیرے نام'' کی شوٹنگ کے دوران حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچے تھے، ہوا کچھ یوں تھا کہ ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران انہیں چلتی ٹرین کے سامنے چلنا تھا سلمان اپنی دھن میں شاٹ دے رہے تھے کہ اچانک انہیں احساس ہوا کہ ٹرین ان کے بالکل قریب آگئی ہےاسی وقت ان کی جان بچانےکیلئے سیٹ پر موجود ایک ٹیم ممبر نے انہیں دھکا دے کر پٹری سے ہٹایا اس طرح وہ بڑے حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گئے۔

ایشوریا رائے



بالی ووڈ کی نامور اداکارہ ایشوریا رائے 2004 میں فلم ''خاکی'' کی شوٹنگ کررہی تھیں کہ اچانک ایک جیپ انہیں ٹکر مار کر گزر گئی، ٹکر اتنی زبردست تھی کہ ایشوریا سڑک کے کنارے جھاڑیوں میں جاگریں، سیٹ پر موجود لوگوں نے انہیں فوراً اسپتال پہناچا جہاں ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ایشوریا کی قسمت اچھی تھی کہ انہیں معمولی زخم آئے ورنہ اس طرح کے حادثات میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

امیتابھ بچن



بالی ووڈ کے بگ بی امیتابھ بچن 1983 میں فلم ''قلی'' کی شوٹنگ کےدوران ایک فائٹنگ سین میں اس قدر زخمی ہوئے کہ انہیں 59 دنوں تک اسپتال میں رہنا پڑا ، اس دوران بھارتی میڈیا میں ان کی موت کی افواہ بھی زیر گردش رہیں، ملک بھر میں ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیں مانگی جارہی تھیں، تاہم صحت مند ہونے کے بعد بگ بی نے انکشاف کیا کہ ڈاکٹرز انہیں مردہ قرار دے چکے تھے لیکن ان کی قسمت اچھی تھی کہ وہ بچ گئے۔

عائشہ ٹاکیہ



بالی ووڈ اداکارہ عائشہ ٹاکیہ نے کم لیکن بہترین کام کیا ہے فلم ''ڈور''ان کے کیرئیر کی کامیاب فلم مانی جاتی ہے، تاہم فلم کے ایک سین کی شوٹنگ کے دوران عائشہ کو چلتی ٹرین کا دروازہ پکڑ کر لٹکنا ہوتا ہے لیکن عائشہ یہ سین ٹھیک طرح ادا نہ کرسکیں اورچلتی ٹرین سے گرگئیں، اس حادثے میں وہ بال بال بچیں۔

ہرتیک روشن



بالی ووڈ کے نامور اداکار ہرتیک روشن 2006 میں فلم ''کرش'' کی شوٹنگ کے دوران ایک عمارت پر چڑھ رہے تھے کہ اچانک گرپڑے اگرچہ نیچے لگی سیفٹی جالی نے انہیں بچالیا تھا لیکن وہ تقریباً 50 فٹ کی اونچائی سے گرے تھے جبکہ ایسا ہی ایک حادثہ فلم ''بینگ بینگ'' کی شوٹنگ کے دوران بھی پیش آیا تھا یہ حادثہ اتنا سنگین تھا کہ انہیں اپنے دماغ کی سرجری کرانی پڑی تھی۔

شاہ رخ خان



بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان 2010 میں فلم ''دولہا مل گیا'' کی شوٹنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگئے تھے اس حادثے میں ان کے کندھے پر شدید چوٹیں آئی تھیں جبکہ ان کی پسلی بھی ٹوٹ گئی تھی تاہم انہوں نے ہمت نہیں آرہی اور صحت یابی کے بعد شوٹنگ مکمل کروائی۔

جان ابراہم



بالی ووڈ کے نامور ماڈل اور اداکار جان ابراہم فلم شوٹ آؤٹ ایٹ واڈالا کی شوٹنگ کے دوران حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچے تھے، انہوں نے اپنے ساتھ ہوئے حادثے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ایک ایکشن سین کےدوران گولی صرف ایک انچ کے فاصلے سے ان کے پاس سے گزری گولی سے بچنے کیلئے انہوں نے چھلانگ لگائی اور زخمی ہوگئے۔

 

سیف علی خان



بالی ووڈ کے نواب سیف علی خان فلم ''کیا کہنا'' کی شوٹنگ کے دوران موٹر سائیکل سے گرگئے تھے یہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ سیف کو 100 ٹانکے آئے تھے تاہم انہوں نے صحت یاب ہونے کے بعد فلم کی شوٹنگ مکمل کروائی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں