’’سا رے گاماپا‘‘ سے شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار زین علی انتقال کرگئے

زین علی کی موت برین ہیمرج کی وجہ سے ہوئی ہے، بھائی حیدر علی کی تصدیق

زین علی کی وفات برین ہمرج کی وجہ سے ہوئی ، بھائی حیدر علی؛فوٹوفائل

KARACHI:
بھارتی پروگرام ''سارے گاماپا'' سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی نوجوان گلوکار زین علی انتقال کرگئے۔

ذرائع کے مطابق زین علی گزشتہ روز اپنے دوست سونو سے ملنے شیخوپورہ گئے تھے جہاں اچانک ان کی طبیعت خراب ہوگئی ،جس کے باعث انہیں فوراً اسپتال منتقل کیا گیا لیکن زین جانبر نہ ہوسکے اور اس دنیا سے چلے گئے۔


زین کے بھائی حیدر علی کا کہنا ہے کہ زین کی موت برین ہیمرج کی وجہ سے ہوئی ہے جب کہ ان کے دوست سونو نے کہا ہے کہ زین گزشتہ روز ان سے ملنے آئے تھے ہم دونوں باتوں میں مصروف تھے کہ زین واش روم گئے کافی دیر تک وہ باہر نہیں آئے تو مجھے تشویش ہوئی میں نے واش رام میں جاکر دیکھا تو زین فرش پر پڑے ہوئے تھے، میں نےانہیں فوراً اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دم توڑ گئے۔

سونو نے زین کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ زین منشیات کے عادی تھے لیکن انہوں نے کبھی بھی حد سے زیادہ منشیات کا استعمال نہیں کیا جو ان کی موت کہ وجہ بنتا۔

واضح رہے کہ زین علی نے 2012 میں بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین پروگرام ''سارے گاما پا'' میں شرکت کرکے شہرت حاصل کی تھی اپنی خوبصورت آواز سے زین نے پروگرام کے ججوں سمیت لوگوں کے بھی دل جیت لیے تھے، جس کے بعد انہوں نے متعدد فلموں اور ڈراموں میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔
Load Next Story