کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر پر چین میں پابندی عائد

بیجنگ کلچرل بیورو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جسٹن بیبر پر لوگوں کے ساتھ برا سلوک کرنے پر پابندی عائد کی جارہی ہے

گلوکار جسٹن بیبر پر چائنا میں پرفارم کرنے پر پابندی عائد کردی گئی؛فوٹوفائل

ISLAMABAD:
عالمی شہرت یافتہ کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر پر چین میں پرفارم کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

کہتے ہیں جب شہرت ملتی ہے تو غرور بھی اپنے آپ آجاتا ہے کچھ ایسا ہی سلسلہ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے معروف نوجوان گلوکار جسٹن بیبر کے ساتھ ہے۔ جسٹن بیبر دنیا بھر میں نہ صرف اپنے گانوں بلکہ اپنے برے سلوک کی وجہ سے بھی مشہور ہیں، انہیں جتنا پسند کیا جاتا ہے اس سے کہیں زیادہ انہیں ناپسند کرنے والے لوگ موجود ہیں جو ان کی حرکتوں سے سخت نالاں رہتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: معروف گلوکار جسٹن بیبر نے مداح کو لہولہان کردیا


میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹن بیبر ان دنوں کنسرٹس کے سلسلے میں انڈونیشیا، جاپان، فلپائن اور سنگاپور سمیت ہانگ کانگ کے دورے پر ہیں تاہم چائنا میں ان پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ جسٹن بیبر جتنے مشہور گلوکار ہیں اس سے کہیں زیادہ بدتمیز ہیں جبکہ بیجنگ کلچرل بیورو کی جانب سے آفیشل ویب سائٹ پر اعلان کیا گیا ہے کہ جسٹن بیبر پر قانون کی خلاف ورزی کرنے اور دیگر افراد کے ساتھ برا سلوک کرنے پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔ وہ اب چین میں پرفارم نہیں کرسکیں گے، ہمیں امید ہے بیبر اپنی غلطیوں پر جلد قابو پالیں گے تاہم اس وقت تک کیلئے یہ پابندی برقرار رہے گی۔

یہ پہلی بار نہیں کہ جسٹن بیبر نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اصول توڑے بلکہ اس سے قبل 2013 میں بھی وہ چینی حکام کی جانب سے منع کرنے کے باوجود دیوار چین پر کیمرہ لے کر گئے۔ ان کی اس حرکت پر پہلے بھی چینی حکومت انہیں تنبیہ کرچکی تھی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: جسٹن بیبر نے بھارتیوں کو بے وقوف بنادیا

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جسٹن کئی بار اپنی متنازع حرکتوں کی وجہ سے میڈیا کی زینت بن چکے ہیں، گزشتہ برس انہوں نے اپنے مداح کو مکا رسید کرکے لہولہان کردیا تھا ان کے اس عمل پر دنیا بھر کے میڈیا نے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ رواں برس مئی میں انہوں نے بھارت میں لوگوں کو بیوقوف بناتے ہوئے لائیو کنسرٹ کے دوران صرف چار گانے گائے جبکہ باقی گانوں پر صرف ہونٹ ہی ہلاتے رہے۔ ان کی اس حرکت پر بھارتی میڈیا سمیت کنسرٹ میں موجود تمام لوگ چراغ پا ہوگئے تھے۔
Load Next Story