کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس موبائل پرفائرنگ سے 3 اہلکار شہید

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی


ویب ڈیسک July 21, 2017
شہید تینوں پولیس اہلکاروں نے بلٹ پروف جیکٹس نہیں پہنی ہوئی تھیں، پولیس - فوٹو : فائل

دارالعلوم کورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید جب کہ فائرنگ کی زد میں آکر راہگیر بچہ بھی شہید ہوا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے دارالعلوم کورنگی کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا جہاں تینوں اہلکارزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جن کی شناخت قمرالدین، بابر اور امجد کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ سے راہگیر بچہ جاں بحق اور ایک زخمی بھی ہوا جس کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہید تینوں پولیس اہلکاروں نے بلٹ پروف جیکٹس نہیں پہنی ہوئی تھیں جب کہ تینوں اہلکاروں کی بلٹ پروف جیکٹس گاڑی میں موجود تھیں۔ واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے جب کہ فائرنگ کی جگہ سے گولیوں کےخول بھی برآمد ہوئے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور شہر کا امن خراب کرنے والوں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں