روشن راستہ

جانیے اپنے اہم سوالات کے بہتر جوابات۔


جانیے اپنے اہم سوالات کے بہتر جوابات۔ فوٹو : فائل

باس ناراض رہتے ہیں۔۔۔۔۔
سوال: میں ایک پرائیویٹ کمپنی میں گذشتہ 24 سال سے ملازم ہوں۔ کمپنی کے موجودہ ایم ڈی نہ جانے کیوں مجھ سے ناراض رہنے لگے ہیں اور مجھ سے کم تعلیم والے اور کم تجربے والے ساتھیوں کو مجھ پر فوقیت دیتے ہیں۔ یہ لوگ اُن کے ساتھ خوشامد کا رویہ رکھتے ہیں اور سارا دن اُن کی چاپلوسی میں لگے رہتے ہیں۔ میں شروع ہی سے اپنا کام نیک نیتی اور ایمان داری سے کمپنی کی پالیسیوں کے مطابق کرتا آرہا ہوں، لیکن میری ان خدمات کو بھی مدّنظر نہیں رکھتے۔
(ایس۔ شیخ: راولپنڈی)
جواب: باس کی ناراضی کی وجوہات ساتھیوں کے خوشامدانہ رویہ کے بجائے خود آپ کی ذات میں موجود ہوسکتی ہیں۔ اکثر کاروباری اداروں میں افراد کی طویل وابستگی پر کم اور ان سے ادارہ کو حاصل ہونے والے فوائد پر زیادہ نظر رہتی ہے۔ آپ اپنی قدیم وابستگی کو ہی اپنا استحقاق سمجھنے کی غلطی کررہے ہیں۔ شاید آپ بار بار جتاتے ہوں کہ آپ گذشتہ 24 سال سے یہاں کام کررہے ہیں اور معاملات کو آپ سے زیادہ بہتر طور پر کوئی اور نہیں جانتا۔ اپنے افسر کو یہ جتانے کے بجائے اپنے کام کے انداز اور ان کے اچھے نتائج سے انہیں متاثر کرنے کی کوشش کیجیے۔ انشاء اﷲ چند دنوں میں آپ کو نمایاں فرق محسوس ہوگا۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے ''یاعزیز'' کا ورد کرتے رہا کریں۔

بہن آپریشن سے خوفزدہ ہیں
سوال: میری بڑی بہن کے سینے میں گلٹی ہوگئی ہے۔ ڈاکٹر کو دکھایا تو انہوں نے گلٹی نکلوادینے اور اس کے مختلف ٹیسٹ کروانے کے لیے کہا ہے۔ میری بہن اور ان کے شوہر دونوں ہی اس آپریشن سے سخت خوفزدہ ہیں۔ آج کل ان کا ہومیوپیتھک علاج ہورہا ہے۔ لیکن کوئی خاص فرق معلوم نہیں ہوا۔ اب کسی نے حکیمی علاج کے لیے کہا ہے۔ ہمارے خاندان کے بہت سے افراد کو کئی معاملات میں آپ کے مشوروں سے فائدہ ہوا ہے۔ برائے کرم ہمیں بتائیے کہ ہماری بہن کے لیے کون سا علاج مناسب رہے گا۔
(طلعت: کراچی)
جواب: آپ کی بہن کو ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق فوری طور پر آپریشن کروالینا چاہیے۔ اس کام میں تاخیر مناسب نہیں۔
امّی کو کیا ہوگیا ہے!
سوال: میری امی ویسے تو بہت اچھی ہیں اور اُنہوں نے ہمارے لیے بہت قربانیاں بھی دی ہیں، ہم بہنوں کی تعلیم کا سہرا بھی اُنہی کے سر ہے، لیکن نہ جانے آج کل امی کو کیا ہوگیا ہے کہ وہ مجھ سے بڑی بہن کی سخت مخالف ہوتی جارہی ہیں۔ ہر وقت اُس کو ڈانٹتی رہتی ہیں اور ڈانٹ ڈپٹ میں اکثر اُسے بددعائیں بھی دے جاتی ہیں۔ ابو جیسے ہی گھر میں داخل ہوتے ہیں امی بڑی بہن کی شکایت لگانا شروع کردیتی ہیں۔ ابو بھی یہ سب سُن کر طیش میں آجاتے ہیں اور بڑی بہن کو خوب ڈانٹ پڑتی ہے۔
(ف۔ خان: راولپنڈی)
جواب: رات سونے سے قبل اکیس مرتبہ سورۂ النحل(16) کی آیت 90 ان اﷲ یامر سے ذی القربیO تک اول آخر تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنی والدہ کا تصور کرکے دم کردیں اور دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔ صبح نہار منہ اکیس مرتبہ اللہ تعالیٰ کا اسم یاودود پڑھ کر پانی یا چائے پر دم کرکے والدہ صاحبہ کو پلا دیں۔ کم از کم اکیس روز تک۔

سرکاری ملازمت
سوال: میں نے گورنمنٹ ملازمت کے لیے کافی کوشش کی۔ اس کوشش میں میرے کافی پیسے بھی خرچ ہوگئے لیکن مجھے یہ ملازمت نہیں مل سکی۔ اس دوران میری لگی لگائی ملازمت بھی چھوٹ گئی۔ اب میں کاروبار کا ارادہ کرتا ہوں تو سرکاری ملازمت کی اُمید نظر آنے لگتی ہے۔ لہٰذا کاروبار کا ارادہ ترک کردیتا ہوں لیکن کچھ عرصہ بعد یہ اُمید ختم ہوجاتی ہے۔
(س۔ الف: کراچی)
جواب: اگر آپ اپنا ذاتی کاروبار جمانے پر بھرپور توجہ دیتے تو شاید آج آپ کا شمار کام یاب لوگوں میں ہورہا ہوتا۔ بہرحال جو وقت گیا سو گیا اب سرکاری ملازمت کے شوق میں وقت اور پیسہ برباد کرنے کے بجائے اﷲ تعالیٰ کے بھروسے پر کسی مناسب کام کا آغاز کردیں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے یا رزاق کا ورد کرتے رہا کریں۔ ہر جمعرات کم از کم 50روپے خیرات کردیا کریں۔

شوہر محبت نہیں کرتا
سوال: میری بیٹی کی شادی کو آٹھ سال ہونے والے ہیں۔ اُس کا شوہر ایک خودغرض اور غیرذمّہ دار انسان ہے۔ میری بیٹی کا کھانے کپڑے کی حد تک تو خیال رکھتا ہے لیکن اُس کی عزت نہیں کرتا۔ بیٹی کی حیثیت اُس گھر میں نوکرانی کی طرح ہے۔ شادی کے بعد صاف صاف میری بیٹی کو کہہ دیا تھا کہ اس نے یہ شادی اپنی ماں کی خوشی کی خاطر کی ہے۔ مہینوں گزر جاتے ہیں وہ اپنی بیوی کے قریب بھی نہیں آتا۔
(خ۔م: لاہور)
جواب: آپ کی بیٹی رات سونے سے قبل 101 مرتبہ سورۂ نحل کی آیت 91 :
واوفو بعہد اﷲ ۔۔۔۔۔۔۔۔ لعِلم ماتفعلونO تک اول آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے شوہر کا تصور کرکے دم کردیں اور حقوق کی ادائیگی کی توفیق کی دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یاولی یاوکیل کا ورد کرتی رہا کریں۔

میں کیا کروں؟
سوال: میں آئی ٹی کا ایک کورس کرنا چاہتی ہوں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ میرے سسرال والے چاہتے ہیں کہ میں پرائیویٹ پڑھ کر امتحان دوں، جب کہ میرے والدین کی یہ خواہش ہے کہ میں انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لے کر یہ کورس کروں۔ اب دونوں طرف سے مجھے فورس کیا جارہا ہے۔ میری امی اور میرے شوہر میں نہیں بنتی۔ مجھے کیا کرنا چاہیے؟
(نام شائع نہ کریں)
جواب: بہتر ہوگا کہ آپ اپنے سسرال والوں کی رائے پر چلیں۔ شادی کے بعد لڑکی کو شوہر کی بات کو زیادہ اہمیت دینی چاہیے۔ اس سے گھرکا ماحول خوش گوار رہتا ہے۔

IQ لیول ختم ہورہا ہے
سوال: پہلے میں ایک محنتی لڑکا ہوا کرتا تھا۔ میں نے اچھے نمبروں سے میٹرک پاس کیا، لیکن کالج میں داخلہ لینے کے بعد نہ جانے میرے ذہن کو کیا ہوگیا۔ بہت محنت کرنے کے باوجود میں نے ''B '' گریڈ حاصل کرپایا۔ یونیورسٹی میں ایک پیپر میں فیل ہوگیا۔ نامعلوم مجھے کیا ہوگیا ہے، میراIQ لیول ختم ہوتا جارہا ہے۔ جسمانی طور پر بھی میں کم زور ہوگیا ہوں۔ میرا دماغ ہر وقت ایک بند کمرے کی مانند رہتا ہے۔ ہر طرف سے مجھے مایوسیوں اور ناکامیوں نے گھیر لیا ہے۔
(محمد عرفان ۔ سیالکوٹ)
جواب: صبح شام اکیس اکیس مرتبہ سورۂ قمر (54)کی آیت17 ، اول آخر تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر ایک پیالی نیلی شعاعوں میں تیار کردہ پانی پر دم کرکے پییں۔ صبح شام ایک ایک ٹیبل اسپون شہد بھی پییں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے یاعلیم کا ورد کریں۔

بھائی کی بے روزگاری
سوال: میر ے بڑے بھائی کی شادی گذشتہ سال ہوئی تھی۔ شادی سے قبل اچھی تنخواہ پر ملازم تھے ، صحت بھی ماشاء اﷲ بہت اچھی تھی لیکن شادی سے ایک ماہ قبل ہی اُن کی ملازمت چھوٹ گئی اور جو کچھ اُن کی جمع پونجی تھی وہ ختم ہوگئی۔ اب تک لاکھ کوشش کے باوجود اُنہیں ملازمت نہیں مل سکی ہے۔ اُن کی نیند اُڑ گئی کچھ کھایا پیا نہیں جاتا ، ہنسنا بولنا بالکل چھوڑ دیا ہے۔
(ل۔انصاری: فیصل آباد)
جواب: آپ کے بھائی عصر و مغرب کے درمیان اکیس مرتبہ سورۂ فلق پڑھ کر پانی پر دم کرکے پییں اور دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔ بھائی اور بھابھی چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے یاحفیظ یا سلام کا ورد کرتے رہا کریں۔

رشتوں پر بندش
سوال: ہم سات بہنیں اور تین بھائی ہیں۔ بڑی بہن کی شادی کو دس سال ہوچکے ہیں۔ باقی چھ بہنوں کے رشتے تو بہت آئے لیکن کوئی نہ کوئی مسئلہ ایسا ہوگیا کہ بات ادھوری رہ گئی اور وہ لوگ واپس مڑ کر نہیں آئے۔ ہمارا خاندان پڑھے لکھے اور مہذب گھرانوں میں شمار ہوتا ہے۔ والد صاحب کی وفات ہوچکی ہے۔ والدہ نے ہماری تربیت بہت اچھے طریقے سے کی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ رشتوں پر بندش کردی گئی ہے۔
(نام شائع نہ کریں)
جواب: عشاء کی نماز کے بعد 101مرتبہ سورۂ بقرہ کی آیت 163گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اچھی جگہ رشتہ طے ہونے، خیروعافیت کے ساتھ شادی اور خوش و خرم ازدواجی زندگی کے لیے دعا کریں۔
یہ عمل کم از کم چالیس روز یا نوے روز تک جاری رکھیں۔ سب بہنیں وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسم یا وہاب کا ورد کرتی رہیں۔ حسبِ استطاعت صدقہ بھی کردیں۔

لڑکیوں سی چال
سوال: میرا ہنسنا بولنا حتیٰ کہ میری چال بھی لڑکیوں جیسی ہے۔ لوگ میرا مذاق اڑاتے ہیں۔
(م۔ق: ساہیوال)
جواب: صبح بیدار ہونے کے بعد اور رات سوتے وقت ایک تسبیح سورہ ٔ النساء کی 34ویں آیت: الرجال قوامون علی النساء، کا ورد کریں۔ اس عمل کو کم از کم چھے ماہ بلاناغہ جاری رکھیں۔ صبح نہار منہ اور شام سرخ شعاعوں میں تیار کردہ پانی ایک ایک پیالی پییں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے یاقوی کا ورد کریں۔
آخرکب تک؟
سوال: میرے سسرال والے کراچی میں رہتے ہیں۔ میرے شوہر کی نوکری لاہور میں ہے، یہیں میرا میکہ بھی ہے۔ میں گذشتہ 5 سال سے اپنے والدین کے گھر میں مقیم ہوں۔ میرے شوہر میرا اور میرے بچوں کا خرچہ نہیں دیتے۔ میرے والدین سارے اخراجات پورے کرتے ہیں۔ اس کے باوجود وہ میرے والدین کی بے عزتی کرتے رہتے ہیں۔ میرے ساتھ بھی اُن کا رویّہ اچھا نہیں ہے ، بات بات پر غصہ کرتے ہیں اور مجھے طعنے دیتے ہیں کہ تمہارے والدین مجھے کوئی کاروبار کیوں نہیں کروا دیتے۔ میں پریشان رہتی ہوں کہ آخر کب تک والدین کے گھر رہوں گی۔ میرے شوہر میں ایک خرابی یہ بھی ہے کہ کسی خوب صورت لڑکی کو دیکھ کر بہت جلدی متاثر ہوجاتے ہیں اور لڑکیوں میں بہت شوخ مزاج بن جاتے ہیں۔
(س۔ ع : لاہور)
جواب: آدھی رات گزرنے کے بعد دو رکعت نفل پڑھ کر 41 مرتبہ سورہ حم السجدہ(41) کی آیات34-35 ، اول آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر بستر میں چلی جائیں۔ آنکھیں بند کرکے اپنے شوہر کا تصور کرکے ان کے مزاج میں اصلاح کے لیے دعا کریں اور اسی تصور میں بات کیے بغیر سوجائیں۔ عمل کی مدت 90 دن ہے۔ ناغے کے دن شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔

سمجھ میں نہیں آتا
سوال: ہم گذشتہ کئی سال سے معاشی پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔ میرے شوہر کا اچھا جما ہوا کاروبار تھا۔ اچانک بہت زیادہ نقصان ہوگیا۔ اس کے بعد گھر کا قیمتی سامان بکا آخر میں مکان بھی بیچنا پڑا۔ قرضہ الگ چڑھتا چلا گیا۔ ان حالات میں شوہر نے نشہ شروع کردیا۔ ہمارے ماشاء اﷲ سات بچے ہیں۔ بیٹی کی شادی سر پر ہے۔ سمجھ میں نہیں آتا کیسے ہوگا۔
(س۔ اعوان: بکھر)
جواب: بعد نماز عشاء اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ 101مرتبہ ''ان اﷲ یرزق من یشاء بغیر حساب'' پڑھ کر ادائیگی قرض اور مالی حالات سدھرنے کے لیے اﷲ تعالی کے حضور عاجزی سے دعا کریں۔
شوہر جب گہری نیند سوجائیں تو 303مرتبہ ''واما السائل فلا تنھر'' اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر نشہ کی عادت ترک کرکے گھریلومعاملات میں دل چسپی لینے کی دعا کریں۔ دونوں عمل کی مدت 90 روز ہے۔ ناغے کے دن شمار بعد میں پورے کرلیں۔

دل کی دھڑکن تیز ہوجاتی ہے
سوال: میری عمر 30 سال ہے۔ میں معاشرے میں ایک اچھے مقام کا حامل ہوں۔ مسئلہ یہ ہے کہ میٹنگ کے دوران، یا بہت سے لوگوں میں یا تقریبات میں کبھی مجھے اُٹھ کر کوئی بات کرنا پڑتی ہے تو میرے دل کی دھڑکنیں تیز ہوجاتی ہے۔ اس صورت حال میں اپنا موقف پوری طرح واضح نہیں کرسکتا۔
(ایم ۔ خان: اسلام آباد)
جواب: ہر نماز کے بعد101 مرتبہ یااﷲ کا ورد کریں۔ صبح شام ایک ایک چمچی شہد پر ایک مرتبہ سورہ کوثر پڑھ کر دم کرکے پییں۔

معاشرے میں قبولِ عام
سوال: میں نے ایک لڑکے کو منہ بولا بھائی بنایا تھا۔ ہم ساتھ پلے بڑھے۔ وہ بھی مجھے سگی بہن کی طرح سمجھتا ہے۔ بچپن ہی سے ہم میں اس قدر انڈراسٹینڈنگ رہی کہ ہم کوئی بھی کام ایک دوسرے کو بتائے بغیر نہیں کرتے تھے۔ جب ہم بڑے ہوگئے تو کئی لوگ ہمارے متعلق طرح طرح کی باتیں بنانے لگے۔ ہم پر مختلف الزامات لگائے گئے۔ ان باتوں سے پریشان ہوکر اب ہم دونوں کے گھر والوں نے باہمی مشورے سے ہمارے ملنے جلنے پر پابندی لگادی ہے۔ خدا گواہ ہے کہ ہم دونوں نے کبھی ایک دوسرے کے متعلق کچھ غلط نہیں سوچا۔ ہم دونوں کا دل اپنے گھر والوں کی بات ماننے کے لیے کسی بھی طرح تیار نہیں ہے۔
(ر۔ ن :لاہور)
جواب: آپ کے بڑوں کا فیصلہ آپ دونوں کی بھلائی کے لیے ہے۔ ان باتوں سے اجتناب بہتر ہے جنہیں معاشرتی سطح پر قبول عام نہ ملتا ہو۔ n

خط بھیجنے کے لیے پتا ہے۔
''روشن راستہ''ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی
پی او بکس 2213 ،کراچی۔74600
ای میل: [email protected]
فون نمبر: 021-36685469

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں