چند سیٹوں کی خاطر آصف زرداری پاکستان کیساتھ مکروہ کھیل نہ کھیلیں نوازشریف

طالبان نے حکومت سے مذاکرات کے لئے میری ضمانت مانگی ہے کیا کوئی آصف زرداری کی ضمانت لے سکتا ہے۔ نواز شریف

مسلم لیگ (ن) کو نہ تو سندھ کی تقسیم قبول ہے نہ ہی سندھ کا دہرا بلدیاتی نظام، آصف زرداری سندھ سے ہیں لیکن وہ کتنی بار سندھ آئے۔ نواز شریف ۔ فوٹو آئی این پی

مسلم لیگ (ن)کے صدرنوازشریف نے کہا ہے آصف زرداری چند سیٹیں حاصل کرنے کی خاطر پاکستان کے ساتھ مکروہ کھیل نہ کھیلیں، سرسے پاؤں تک پاکستانی ہوں،کرپشن کا ایک کیس بھی ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

نوشہروفیروز کے علاقے کنڈیارومیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا صدرآصف زرداری چند سیٹوں کی خاطر پنجاب کی تقسیم کی بات کررہے ہیں لیکن کچھ بھی ہوجائے نوازشریف کو سندھ کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں اورنہ ہی سندھ کا دہرا بلدیاتی نظام،سندھ کے عوام کا تحفظ مسلم لیگ(ن) ہی کرے گی، انہوں نے کہا کہ طالبان نے حکومت سے مذاکرات کے لئے میری ،منورحسن اورمولانا فضل الرحمان کی ضمانت مانگی ہے، کیا کوئی آصف زرداری کی ضمانت لے سکتا ہے وہ تو وعدہ کرکے کہتے ہیں یہ کوئی آسمانی صحیفہ ہے جسے پورا کیا جائے۔

نوازشریف نے کہا کہ صدرآصف زرداری سندھ سے ہیں لیکن وہ کتنی بارسندھ آئے، جب میں وزیراعظم تھا تو باربارسندھ کے عوام کی خیریت دریافت کرنے آتا تھا۔ ہمارے دورمیں سندھ کے ہاریوں میں زمین تقسیم کی گئی اورڈاکو راج ختم کیا گیا،کراچی اورسندھ میں امن بھی ہماری حکومت نے ہی قائم کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی سندھ آتا ہوں تو اس کی حالت دیکھ کر دل خون کے آنسوروتا ہے، کراچی میں معصوم اوربے گناہ افراد کو قتل کیا جارہا ہے اورانتظامیہ کے کانوں پہ جوں تک نہیں رینگتی،شاہ زیب کے قاتلوں کو بھی سپریم کورٹ کے حکم پرگرفتارکیا گیا،آصف زرداری سے کہا کہ آئیے ملک کی ترقی کے لئے مل کرکام کریں لیکن انہوں نے اس پرعمل نہیں کیااگروہ میری بات پرعمل کرتے تو مسلم لیگ(ن)آج بھی ان کے ساتھ ہوتی۔


نوازشریف نے کہا کہ جو کام شہبازشریف پنجاب میں کررہے ہیں کیا وہ سندھ حکومت نہیں کرسکتی تھی،پنجاب میں غریب طالب علموں میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے اوردانش اسکولز بنائے گئے،پنجاب میں نوکریاں صرف اورصرف میرٹ پر دی گئیں جب کہ سندھ میں حکومت نوکریاں بیچتی ہے، ہماری حکومت آئی تو پورے ملک میں میرٹ کا نظام قائم کریں گے۔

نوازشریف نے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید ظفرعلی شاہ کومسلم لیگ (ن)میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی اورکہا کہ ظفرعلی شاہ جدی پشتی پیپلزپارٹی میں تھے لیکن ان کی بھی پیپلزپارٹی چھوڑنے کی یہی وجہ ہے کہ حکومت نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔
Load Next Story