کارکن انتخابات کی تیاری کریں بلاول ہاؤس پارٹی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا صدر زرداری

صدر آصف زرداری کی دورے کے دوران شریف برادران اور چوہدری برادران سے ملاقات متوقع ہے۔

آصف زرداری بم پروف محل نما بلاول ہاؤس میں قیام کریں گے جو انہیں ان کے قریبی دوست اور ملک کے سب سے بڑے پراپرٹی ٹائیکون کی طرف سے تحفے میں دیا گیا ہے، فوٹو: فائل

صدر آصف زرداری اپنے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ نوتعمیر شدہ بلاول ہاؤس پہنچ گئے جہاں انہوں نے کہا کہ کارکنان عام انتخابات کی تیاری کریں۔

آئی این پی کے مطابق صدر زرداری اپنے قریبی دوست اور ملک کے سب سے بڑے پراپرٹی ٹائیکون کی طرف سے تحفے میں تعمیر کرکے دیئے گئے کئی ایکڑ پر محیط بم پروف محل نما بلاول ہاؤس میں قیام کریں گے،جس میں ہیلی پیڈ بھی بنایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف زرداری ایئر پورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بلاول ہاؤس پہنچے۔


لاہور میں قیام کے دوران صدر آصف زرداری کے رائے ونڈ یاترا کا بھی امکان ہے جس کے دوران وہ شریف برادران سے ان کے چھوٹے بھائی عباس شریف کی وفات پر تعزیت کے ساتھ ساتھ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں قیام کے دوران چوہدری برادران بھی صدر آصف زرداری سے ملاقات کریں گے جس کے دوران پیپلز پارٹی سے انتخابی اتحاد، بلوچستان میں گورنر راج کے خاتمے اور نئے قائد ایوان کے لیے پیپلز پارٹی کے عبدالرحمان جمالی کو مشترکہ امیدوار بنانے، الیکشن کمیشن پر مسلم لیگ (ق) کے تحفظات اور دیگر اہم معاملات پر بات چیت ہوگی،لاہور کے سیاسی حلقے موجودہ سیاسی صورتحال میں صدر زرداری کی لاہور آمد کو بہت اہمیت دے رہے ہیں۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ لاہور میں قیام کے دوران صدر آصف زرداری کی بہت سی اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں بھی طے ہیں اور اس دوران بڑے پیمانے پر سیاسی جوڑ توڑ کی توقع کی جارہی ہے۔
Load Next Story