دورۂ پاکستان غیر ملکی کرکٹرز خوف سے دامن نہ چھڑا سکے

ورلڈ الیون کے ساتھ آنے سے سنگاکارا سمیت کئی پلیئرز کی معذرت، سیریزشدید خطرات سے دوچار


Sports Reporter July 23, 2017
کاؤنٹی وکیریبیئن لیگ میں مصروفیات کی وجہ سے کئی کھلاڑی دستیاب نہیں ہوںگے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

لاہور: دورئہ پاکستان کے حوالے سے غیرملکی کرکٹرز خوف سے دامن نہ چھڑا سکے۔

ورلڈ الیون کی آمد ستمبر کے پہلے یا آخری ہفتے میں متوقع تھی لیکن اس ضمن میں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوسکی، ذرائع نے بتایا کہ غیر ملکی کرکٹرز نے بھی پاکستان جانے میں زیادہ دلچسپی نہیں دکھائی ہے، سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا اور حال ہی میں ریٹائر ہونے والے بعض انگلش کرکٹرز نے ٹور سے معذرت کرلی، ملک کے موجودہ سیاسی حالات کے پیش نظر پنجاب حکومت سے سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور طے نہ پانے پر ورلڈ الیون کا دورہ اگر ملتوی کردیا گیا توکاؤنٹی اور لیگز سے فارغ قومی کرکٹرز کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری ہائی پرفارمنس کیمپ میں بلاکر فٹنس اور مہارت بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد غیرملکی کوچنگ اسٹاف رخصت پر چلا گیا تھا جبکہ کرکٹرز تقریبات میں شریک ہوکر انعامات وصول کرنے میں مصروف رہے، پاکستان ٹیم کی آئندہ انٹرنیشنل مصروفیت اکتوبر میں سری لنکا کیخلاف یو اے ای میں سیریز ہے، مستقبل کی پلاننگ کیلیے ہیڈکوچ مکی آرتھر کی پاکستان آمد کا انتظار کیا جا رہا تھا، وہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب لاہور پہنچ رہے ہیں، 1، 2 روز بعد بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور بھی آجائیں گے، فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن اور دیگر معاون کوچنگ اسٹاف کی آمد بھی جلد متوقع ہے۔

قبل ازیں فارغ وقت کا بہتر استعمال کرتے ہوئے ایبٹ آباد کی کاکول ملٹری اکیڈمی میں بوٹ کیمپ لگانے کا سوچا جا رہا تھا، مگر ذرائع کے مطابق کرکٹرز کی مصروفیات کو دیکھتے ہوئے پلان میں تبدیلی ہو رہی ہے، سرفراز احمد، محمد عامر، یاسر شاہ، عماد وسیم اور جنید خان انگلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں حصہ لیں گے، کیریبیئن پریمیئر لیگ کا آغاز 4 اگست کو ہوگا، فائنل 9 ستمبر کو شیڈول ہے۔

ٹوئنٹی 20 ایونٹ میں شعیب ملک، شاداب خان، وہاب ریاض، عماد وسیم اور حسن علی سمیت کئی قومی کرکٹرز ایکشن میں ہوں گے، کئی کھلاڑی نومبر میں شیڈول بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شرکت کیلیے بھی تیار ہیں، ان حالات میں ایبٹ آباد میں آرمی ٹرینرز کی مدد سے فٹنس بہتر بنانے کا پروگرام قابل عمل نہیں رہا۔ ذرائع کے مطابق اگر ستمبر میں ورلڈ الیون کے دورئہ پاکستان کا فیصلہ ہوگیا تو اس سے قبل قومی کرکٹرز لاہور میں 2 ہفتے کے تربیتی کیمپ میں شریک ہونگے، ہائی پرفارمنس کیمپ کو کراچی منتقل کردیا جائے گا۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر مستقبل کے پلان کا حصہ سمجھے جانے والے کرکٹرز کے مسائل کم کرنے کیلیے این سی اے اسٹاف کی معاونت سے کام کرینگے، وہ انڈر 19 کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں بھی سرگرم رہیں گے، آرتھر ملک کے دیگر شہروں میں قائم کرکٹ اکیڈمیز کا دورہ بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کا باقاعدہ کیمپ اکتوبر میں سری لنکا کیخلاف سیریز سے قبل ہی لگائے جانے کا امکان ہے، وینیو کا فیصلہ موسم کی صورتحال دیکھ کر کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں