روشن خان اسکواش اسرار احمد نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا

عالمی ایونٹس میں شرکت کرکے رینکنگ بہتر بناؤں گا، فاتح کھلاڑی


Sports Reporter July 23, 2017
3-0 سے آسان فتح ملی، علی بخاری کی انجری سے فائنل کا رنگ پھیکا پڑگیا۔ فوٹو : فائل

عالمی نمبر 150 اورسیڈ 4 اسرار احمد نے7 ویں روشن خان اوپن اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن سے منظورشدہ 7 ویں روشن خان اوپن اسکواش چیمپئن شپ ہفتے کواختتام پذیر ہوگئی، سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے تحت روشن خان، جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس، فلیٹ کلب پر کھیلی جانے والی 5 لاکھ روپے کی انعامی رقم کی چیمپئن شپ کے فائنل میں بے جان مقابلہ دیکھنے میں آیا، چیمپئن شپ میں مسلسل دو اپ سیٹ کرنے والے کوالیفائرظاہر شاہ کی کامیابیوں کا سلسلہ روک کرفائنل میں جگہ بنانے والے پنجاب کے علی بخاری فٹنس مسائل کے سبب ٹرافی کے مقابلے میں بے بس نظرآئے، فائنل مقابلہ محض20 منٹ جاری رہا۔

عالمی رینکنگ میں 150 ویں نمبر پر موجود سیڈ4 ایس این جی پی ایل کے اسراراحمد نے پہلا گیم 11-4 سے جیتا جس کے بعد علی بخاری کو پنڈلی میں تکلیف کے سبب خاتون فزیوکی خدمات حاصل کرنا پڑیں، دوسرے گیم میں ایک نئی قوت کے ساتھ آنے والے علی بخاری دلچسپ مقابلے میں12-10 سے مات کھاجانے کے بعد تیسرے گیم میں رسمی طور پر کورٹ میں آئے۔

اسرار نے تیسرے گیم میں11-1 سے کامیابی پاکرٹائٹل اپنے نام کرتے ہوئے وننگ ٹرافی کے ساتھ 95 ہزار روپے کی انعامی رقم بھی حاصل کی، علی بخاری نے رنراپ ٹرافی کے ساتھ 65 ہزار روپے کا انعام وصول کیا، مزید برآں سیمی فائنلسٹ، کوارٹر فائنلسٹ اور فرسٹ راؤنڈ اورلاسٹ کوالیفائرز کو بھی کوانعامی رقم سے نوازا گیا، آخرمیں مہمان خصوصی نے انعامات تقسیم کیے، اس موقع پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ایئر مارشل شاہد علوی اور سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان و دیگر بھی موجود تھے، سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری راشد احمد نے استقبالی کلمات ادا کیے۔

دریں اثنا فائنل میں کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسرار احمد نے کہا کہ کہ ان کو اپنے حریف کے خلاف کامیابی کا یقین تھا لیکن بدقسمتی سے علی بخاری فٹنس پرابلم کی وجہ سے میچ کو دلچسپ بنانے میں ناکام رہے اور ایک آسان فتح ہاتھ لگ گئی۔

ایک سوال کے جواب میں اسرار احمد نے کہا کہ قومی فیڈریشن کے ہیڈ کوچ فہیم گل کے ساتھ کوچز امجد خان اور آصف خان سے ملنے والی تربیت کے بعد ان کے کھیل میں بہتری آئی، ستمبر میں ہونے والی ہانگ کانگ اوپن اسکواش چیمپئن شپ کے بعد کینیڈا میں شیڈول نیشن کپ اسکواش ٹورنامنٹ میں شرکت کرکے عالمی رینکنگ کو بہتر بنانے کی کوشش کروں گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں