سانولی رنگت کے باوجود بالی ووڈ کے کامیاب ترین اداکار

بالی ووڈ کے کئی ناموراداکار اپنی سانولی رنگت کے باعث کئی بار تعصب کا شکار بن چکے ہیں

اداکاروں نے سانولی رنگت کو اپنی کامیابی کے آڑے آنے نہیں دیا : فوٹو: فائل

BATKHELA:
دنیا بھر میں آئے روز کئی نامورمشہورشخصیات اپنی سانولی رنگت اور قومیت کے باعث تعصب کا شکار بنتی ہیں، نسلی تعصب کی یہ شرح ترقی پزیر ممالک کے ساتھ ترقی یافتہ ممالک میں بھی رائج ہے جب کہ بالی ووڈ میں بھی یہ رجحان پایا جاتا پے یہ ہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ کے کئی ناموراداکار اپنی سانولی رنگت کے باعث کئی بار تعصب کا شکار بن چکے ہیں لیکن انہوں نے سانولی رنگت کو اپنی کامیابی کے آڑے آنے نہیں دیا اوراپنی پہچان بالی ووڈ میں بنانے میں کامیاب ہوئے۔

نوازالدین صدیقی



حال ہی میں سانولی رنگت کے حوالے سے تعصب کا شکار ہوئے بالی ووڈ کے صف اول کے اداکار نوازالدین صدیقی جنہیں فلم ''بابوموشائی بندوق باز''میں تعصب کا نشانہ بنایا گیا۔ فلم میں ان کی سانولی رنگت کو مدنظررکھتے ہوئے ہیروئن کاسٹ کی گئی، نواز نے اپنے ساتھ ہوئے اس تعصب پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے مجھے یہ احساس دلایا کہ میری سانولی رنگت کی وجہ سے گورے لوگوں کو میرے ساتھ فلم میں کاسٹ نہیں کیا جاسکتا، تاہم نوازالدین صدیقی سانولی رنگت کے باوجود بالی ووڈ کے کامیاب اور مہنگے ترین اداکار ہیں جنہوں نے یہ مقام اپنی محنت سے حاصل کیا ہے۔

کاجول



بالی ووڈ کی نامور اداکارہ کاجول کو آج بھی نئی اداکاراؤں کے مقابلے میں زیادہ پسند کیا جاتا ہے، کیرئیر کی ابتدا میں کاجول کی رنگت گہری سانولی تھی لیکن اس کے باوجود نہ صرف انہوں نے خود کو منوایا بلکہ ان کے مداح آج بھی انہیں فلموں میں دیکھنا پسندکرتے ہیں جب کہ وہ 6 بار بہترین اداکاری کیلئے ایوارڈز حاصل کرچکی ہیں اور کرئیرمیں متعدد بلاک بسٹر فلمیں بھی دے چکی ہیں۔

اجے دیوگن



اجے دیوگن کوبالی ووڈ میں 25 سال سے زائد کا عرصہ ہوگیا ہے ان کی پہلی فلم''پھول اورکانٹے''1991 میں ریلیز ہوئی تھی، اپنی پہلی ہی فلم کے ذریعے لوگوں کے دل جیتنے والے اداکاراجے دیوگن اب تک 106 فلموں میں ادکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، اجے دیوگن نے سانولی رنگت کے باوجود بالی ووڈ میں اپنی محنت سے نام کمایا ہے انہیں فلم فیئراور نیشنل ایوارڈ کے ساتھ متعدد ایوارڈزسے نوازا جاچکا ہے۔

بپاشا باسو



بالی ووڈ کی حسینہ بپاشاباسو اپنی سانولی رنگت کے باعث کئی بار تعصب کا نشانہ بنی ہیں لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی محنت سے کیرئیرمیں آگے بڑھتی رہیں، وہ اب تک''اجنبی'' اور ''راز'' جیسی کامیاب فلموں کے ساتھ دیگر فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔

متھن چکرورتی




بالی ووڈ میں ''دادا'' کے نام سے مشہور اداکارمتھن چکرورتی بھی سانولی رنگت کے مالک ہیں، انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1976 میں ''آرٹ ڈرامے'' سے کیا اور آج ان کا شمار بالی ووڈ کے بہترین اداکاروں میں ہوتا ہے لیکن انہوں نے کبھی بھی اپنی سانولی رنگت کو اپنے کام کے بیچ آنے نہیں دیا، انہیں فلم فیئر کے ساتھ متعدد ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے۔

شبانہ اعظمی



بھارتی فلم انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ شبانہ اعظمی کو بھی اپنی سانولی رنگت کے باعث متعدد بار تعصب کانشانہ بنایا گیا، انہوں نے اب تک 136 فلموں میں کام کیا ہے جبکہ انہیں 5 بار نیشنل ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے، اتنی تعداد میں نیشنل ایوارڈز حاصل کرنا اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے اس کے علاوہ وہ فلم فیئر کے ساتھ متعدد ایوارڈز بھی اپنےنام کرچکی ہیں۔

سنیل شیٹھی



بالی ووڈ کےنامور اداکار سنیل شیٹھی کی رنگت بھی گہری سانولی ہے، اس کے باوجود وہ بالی ووڈ میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں انہوں نے اب تک 113 فلموں میں کام کیا ہے جبکہ انہیں فلم فیئر کے ساتھ متعدد ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے۔

عرفان خان



1998 میں فلم ''سلام بومبے'' سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے بالی ووڈ کےناموراداکارعرفان خان کی رنگت بھی سانولی ہے لیکن اس کے باوجود وہ بالی ووڈ کے ساتھ لوگوں کے دلوں پر بھی راج کرتے ہیں،عرفان خان اب تک 75 فلموں میں کام کرچکے ہیں جبکہ انہیں نیشنل ایوارڈز کے ساتھ فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

رجنی کانت



بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اداکاررجنی کانت کے بارے میں یہ کہا جائے کہ انہیں بالی ووڈ کا ''گاڈ'' مانا جاتا ہے تو غلط نہ ہوگا تقریباً 4 دہائیوں سے فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے اداکار رجنی کانت کی رنگت بھی گہری سانولی ہے لیکن اس کے باوجود وہ آج بھی متعدد فلموں میں کام کررہے ہیں ، بہترین فنی خدمات کے نتیجے میں انہیں فلم فیئر کے ساتھ متعدد ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے۔

نانا پاٹیکر



اداکار نانا پاٹیکراپنی اداکاری سے کردار میں جان ڈال دیتے ہیں وہ اب تک 74 فلموں میں کام کرچکے ہیں، سانولی رنگت کے باوجود لوگ ان کی اداکاری پسند کرتے ہیں انہیں 3 بار نیشنل ایوارڈ اورمتعددبار فلم فیئر اور دیگر ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے۔
Load Next Story