اولڈ از گولڈ راجر فیڈرر آٹھویں بار فاتح ومبلڈن

رواں سیزن میں یہ ان کی دوسری بڑی ٹرافی ہے۔

یہ فیڈرر کے کیریئر کا 19واں گرینڈ سلم بنا۔ فوٹو: رائٹرز

QUETTA:
اولڈ از گولڈ کی کہاوت سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر پر صادق آتی ہے، انھوں نے گزشتہ دنوں ریکارڈ آٹھویں بار ومبلڈن ٹرافی جیت کر بالادستی ثابت کردی، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

35 سالہ سوئس ماسٹر نے فیصلہ کن معرکے میں کروشین حریف مارن کلک کو ایک گھنٹے 41 منٹ کی جدوجہد میں 6-3، 6-1 اور6-4 سے ٹھکانے لگایا، فیڈرر نے پورے ایونٹ میں کوئی سیٹ ڈاپ نہیں کیا، وہ یہ کارنامہ بھی 41 برس بعد انجام دینے والے پہلے کھلاڑی ثابت ہوئے، ان سے قبل 1976 کے ومبلڈن ایونٹ میں بورن بورگ نے بغیر کوئی سیٹ ہارے چیمپئن بننے کا اعزاز پایا تھا، یہ فیڈرر کے کیریئر کا 19واں گرینڈ سلم بنا ، اس طرح انھوں نے اپنے ریکارڈ کو مزید بہتر کرلیا۔

رواں سیزن میں یہ ان کی دوسری بڑی ٹرافی ہے۔ اس سے قبل انھوں نے سیزن کا ابتدائی گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن بھی اپنے نام کیا تھا، فیڈرر ماڈرن ایرا میں ومبلڈن کے عمررسیدہ فاتح بھی بن گئے، ان سے قبل سابق امریکی پلیئر نے 1975 میں 32 برس کی عمر میں ومبلڈن ٹرافی اپنے نام کی تھی، سوئس اسٹار کیریئر میں 11ویں بار ومبلڈن کا فائنل اور مجموعی طورپر 29واں گرینڈ سلم فائنل بھی کھیلا۔


گذشتہ برس اسی ایونٹ کے سیمی فائنل میں فیڈرر کو میلوس راؤنک سے شکست ہوئی تھی جس پر انھوں نے اپنے سیزن کا ختم کرتے ہوئے متاثرہ گھٹنے کو مکمل آرام دینے کا فیصلہ کیا تھا،فیڈرر نے بڑھتی عمر کے پیش نظر اپنا شیڈول بھی ازسرنو ترتیب دیا ہے اور اب وہ سیزن کے تمام ایونٹس کی بجائے منتخب ٹورنامنٹس میں ہی حصہ لیتے ہیں ، اس سے قبل انھوں نے فرنچ اوپن میں شرکت نہیں کی تھی، فیڈرر نے کہا کہ گزشتہ برس اپنی ناکامی کے بعد مجھے ومبلڈن میں مزید فائنل کھیل پانے کی قطعی توقع نہیں تھی، مجھے یہاں فائنل میں کئی سخت حریفوں کا سامنا رہا ہے، جس میں دو بار مجھے جوکووک نے ہرایا ہے، اب میں یہاں آٹھویں بار چیمپئن بننے میں کامیاب ہوگیا ہوں، یہ میرے لیے بہت شاندار ہے۔

اولمپک چیمپئن ایکٹرینا ماکارووا اور الینا ویسنینا نے پہلی بار ومبلڈن ویمنز ڈبلز ٹائٹل جیت لیا، انھوں نے فائنل میں چائنیز تائپے کی ہاؤ چینگ چان اور مونیکا نیکولیسکو کو 6-0،6-0 سے آؤٹ کلاس کردیا، مینز ڈبلز فائنل میں لوکاس کوبوٹ اور مارسیلو میلو نے اولیور میریچ اور میٹ پاویک کیخلاف 5-7، 7-5، 7-6 (7/2) ، 3-6 اور13-11 سے کامیابی حاصل کرلی، گرلز سنگلز ٹرافی میچ میں تھرڈ سیڈ امریکا کی کلیری لیو نے میدان مارلیا، انھوں نے ہم وطن این لی کے خلاف 6-2،5-7 اور6-2 سے فتح کو اپنا مقدر بنالیا۔


مکسڈ ڈبلز ٹرافی ہنگز اور جیمی کے نام رہی، انھوں نے فائنل میں ہنری کونٹینن اور ہیتھر واٹسن کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4،6-4 سے ہرادیا، بوائز سنگلز فائنل میں اسپین سے تعلق رکھنے والے 8 سیڈ الیجاندرو ڈیوڈوچ فوکینا نے ارجنٹائن کے ایکسل گیلیر کو 7-6(7/2)،6-3 سے زیر کرلیا۔

ویمنز سنگلز کی فاتح اسپینش پلیئر گاربین مگروزا کا کہنا تھا کہ میری نگاہیں رینکنگ پر نہیں بلکہ مزید ٹائٹل جیتنے پر مرکوز ہوں گی، 23 سالہ مگروزا کا کہنا ہے کہ میرے لیے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن سے زیادہ اہم مزید ٹائٹل فتوحات حاصل کرنا ہوں گی، تاہم نمبرون پوزیشن پانا بھی خوش کن ہوگا ، میں ماضی میں ورلڈ نمبر2 تک پہنچ پائی ہوں لیکن بڑے ایونٹس میں ناکامی پر اس میں تنزلی آتی گئی تھی۔

جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا جرمن اسٹار اینجلیک کیربر کی جگہ نئی عالمی نمبرون بنیں گی، وہ اگرچہ ومبلڈن کے دوسرے راؤنڈ تک محدود رہی تھیں، دوسری جانب فائنل میں شکست کھاجانے والی وینس ولیمز کا کہنا ہے کہ میں یوایس اوپن میں بھرپور انداز میں واپس آؤں گی، سردست میری فارم اچھی ہے، میں رواں برس مزید بڑے ٹائٹلز جیتنے کی پوزیشن میں ہوں۔

 
Load Next Story