شریف خاندان تاثر دے رہا ہے کہ میرا اور ان کا کیس ایک ہے عمران خان

شریف خاندان نے منی لانڈرنگ کی اور میں باہر سے پیسا پاکستان لایا، عمران خان


ویب ڈیسک July 23, 2017
میرا کوئی روپیہ باہر نہیں نہ ہی کچھ بے نامی ہے لیکن ان کے اور ان کے بچوں کی اربوں کی پراپرٹی ہے، عمران خان۔ فوٹو : ایکسپریس

عمران خان کا کہنا ہے شریف خاندان تاثر دے رہا ہے کہ میرا اور ان کا کیس ایک ہے تاہم نوازشریف کے کیس میں منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری ہوئی جب کہ میں نے باہر سے پیسا کمایا اور پاکستان لایا۔



بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیر مین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ آج کا اخبار پڑھا ایسے لگا کہ عمران خان کی منی ٹریل نہیں ملی، یہ تاثر پیدا کیا جارہا ہے کہ میرا اور شریف خاندان کا کیس ایک ہے اور باقی بھی شریف خاندان کی طرح چور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے کیس میں منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری ہوئی، عدالت میں شریف خاندان نے جھوٹ بولا جب کہ میں نے باہر سے پیسا کمایا اور پاکستان لایا۔



عمران خان نے کہا کہ بنی گالہ کی اراضی کا ریکارڈ ہے جب کہ عوام خیرات دیتی ہے کیونکہ وہ مجھے امانت دار سمجھتی ہے، میں عوام کے سامنے خود کو پیش کرنا چاہتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر الزام لگا کہ لندن کے فلیٹ کا پیسہ کیسے آیا، بنی گالا اراضی کی منی ٹریل جمائما کے اکاؤنٹ کی صورت میں موجود ہے جب کہ لندن کا فلیٹ کس پیسہ سے خریدا اس کی دستاویزات بھی دے دیں۔



عمران خان نے کہا کہ کیری پیکر کا خط بھی پیش کیا کہ کیسے پیسہ آیا لیکن ایک اخبار نے لکھا کہ قطری خط ہے، اسٹن رابرٹ آج بھی زندہ ہے جس نے کئی کرکٹر سے معاہدے کیے جب کہ سیسکس کلب کے ساتھ بھی کرکٹ کھیلی اس کا معاہدہ بھی ہے، مشتاق احمد کو 70 ہزار پاؤنڈ ملتا تھا مجھے کتنا ملتا ہو گا خود اندازہ لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ بینیفٹ کی مد میں ایک سال میں ملا، میرے ٹیکس سے متعلق چیک کرنا ہے تو میں خود لیٹر دوں گا، حسین نواز تو ڈیڈ بھی نہ دکھا سکے میں نے مورٹگیج دکھا دی۔



چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میرا کوئی روپیہ باہر نہیں نہ ہی کچھ بے نامی ہے لیکن نواز شریف اور ان کے بچوں کی اربوں کی پراپرٹی ہے، میرا فلیٹ 1984 میں 60 لاکھ کا تھا جب کہ مریم نواز چار محلات کی مالکہ نکلیں، نواز شریف ایف زیڈ ای کمپنی کے چیئرمین نکلے، شوکت خانم کے اکاونٹ میں جو غلط ہے عدالت لائیں، شریف خاندان نے جعل سازی کی اور عدالت میں جاکر جھوٹ بولا تاہم قوم فیصلے کا انتظار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرشکیل الرحمان کی بھی باری آئے گی جب کہ خواجہ آصف کو ڈر ہے کہ ان کی باری بھی آنی ہے تاہم یہ وہ لوگ ہیں جن کو ہڈیاں ملتی ہیں، یہ ادھر سے بھی کھاتے ہیں ادھر سے بھی جب کہ جو لوگ نواز شریف کی حمایت میں نکل رہے ہیں وہ بھی مجرم ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |