پی ای سی ایچ سوسائٹی ملزمان نے بینک سے 14لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ لی

6ملزمان موٹر سائیکلوں پر آئے تھے، سیکیورٹی گارڈکا پستول بھی لے گئے،رقم دینے میں کچھ دیر کرنے پر کیشیر دانیال پر تشدد


Staff Reporter February 09, 2013
ملزمان نے رقم دینے میں کچھ دیر کرنے پر کیشیر دانیال پر تشدد کیا جبکہ ملزمان فرار ہوتے ہوئے بینک میں موجود سیکیورٹی گارڈ اسلم شاہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس سے پستول چھین کر فرار ہو گئے۔ فوٹو: فائل

پی ای سی ایچ سوسائٹی ای مارکیٹ میں واقع نجی بینک سے6ملزمان14 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہو گئے،ملزمان موٹر سائیکلوں پر آئے تھے۔

سیکیورٹی گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس کا پستول چھین کر لے گئے ، پولیس نے بینک میں لگے خفیہ کیمروں کی سی سی فوٹیج قبضے میں لے لی، تفصیلات کے مطابق پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک6ای مارکیٹ میں واقع نجی بینک سے مسلح ملزمان بینک میں موجود عملے اور کھاتے داروں کو یرغمال بنا کر کیش کاؤنٹر اور اسٹارنگ روم سے 14 لاکھ 32 ہزار830 روپے لوٹ کر فرار ہو گئے، ملزمان نے رقم دینے میں کچھ دیر کرنے پر کیشیر دانیال پر تشدد کیا جبکہ ملزمان فرار ہوتے ہوئے بینک میں موجود سیکیورٹی گارڈ اسلم شاہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس سے پستول چھین کر فرار ہو گئے۔



واقعے کی اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس اور انویسٹی گیشن پولیس موقع پر پہنچ گئی اور سب سے پہلے بینک میں لگے خفیہ کیمروں کی سی سی فوٹیج جس میں ملزمان کو واردات کرتے ہوئے واضح طور پر دکھایا تھا قبضے میں لے لی، ایس ایچ او ٹیپو سلطان انسپکٹر عرفان میئو نے ایکسپریس کو بتایا کہ جمعہ کی دوپہر12بجکر50 منٹ پر موٹر سائیکلوں پر سوار6ملزمان آئے اور بینک سے5 سے6 منٹ میں واردات کر کے موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے ، واقعے کے وقت بینک میں نجی کمپنی کے2 سیکیورٹی گارڈ اسلم شاہ اور شعیب موجود تھے ، بینک منیجر عامر علی کی مدعیت میں ڈکیتی کا مقدمہ الزام نمبر30/13ٹیپو سلطان تھانے میں6 نامعلوم صورت شناس موٹر سائیکل سوار ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ، انویسٹی گیشن پولیس نے بینک میں تعینات نجی کمپنی کے دونوں سیکیورٹی گارڈز کو شامل تفتیش کر لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں