کسی سیاسی جماعت نے اب تک گوشوارے جمع نہیں کرائے

الیکشن کمیشن نے 29اگست تک گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی


344سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں،چند دنوں میں  یاد دہانی نوٹس جاری ہونگے،ذرائع۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن کی طرف سے سیاسی جماعتوں کو دی گئی ڈیڈ لائن کو صرف ایک ماہ رہ گیا لیکن اب تک ملک کی کسی سیاسی جماعت نے اپنے مالی گوشواروں کی فہرست الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائی۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق رواں ماہ کے آغاز پر الیکشن کمیشن نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو29اگست تک اپنے مالی گوشواروں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کی ہدایت کی تھی لیکن اب تک کسی بھی سیاسی جماعت نے مالی گوشواروں کی تفصیل جمع نہیں کرائی۔

پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کی شق13کے مطابق الیکشن کمیشن کو اپنے مالی گوشواروں کی تفصیلات فراہم نہ کرنے والی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی اور وہ اس کے بعد کسی بھی انتخاب میں حصہ لینے کی اہل نہیں ہوگی جبکہ اس کا انتخابی نشان بھی منسوخ کردیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ آئندہ چند دنوں میں سیاسی جماعتوں کو مالی گوشواروں سے متعلق یاد دہانی نوٹس جاری کیا جائے گا جس کے بعد گوشوارے جمع نہ کرانے والی سیاسی جماعت کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ اس وقت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں 344سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں جن میں سے اب تک کسی بھی سیاسی جماعت نے اپنے مالی گوشواروں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کروائی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں