ورلڈ الیون میں آملا اور کلارک شامل ہوں گے شہریار کو امید

ٹیم میں موجودگی خود میرے لیے بھی خبر ہے، سابق آسٹریلوی کپتان

ٹیم میں موجودگی خود میرے لیے بھی خبر ہے، سابق آسٹریلوی کپتان۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون میں سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک اور جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملا جیسے کھلاڑی شامل ہوں گے۔

ایک طرف جہاں یہ خبریں سامنے آرہی ہیں کہ بڑے کھلاڑی سیکیورٹی صورتحال کو وجہ قرار دے کر پاکستان آنے سے انکار کررہے ہیں وہیں پر پی سی بی چیئرمین شہریار خان کوستمبر میں مجوزہ طور پر دورہ کرنے والی ورلڈ الیون میں کئی بڑے نام موجود ہوں گے۔ انھوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور ہوں گے، میں نے سنا ہے کہ اس میں ہاشم آملا اور مائیکل کلارک کے ساتھ نیوزی لینڈ کے لیوک رونکی اور آسٹریلیا کے ٹیم پن بھی شامل ہوں گے۔

یاد رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد صرف 2015 میں زمبابوے نے پاکستان کا مختصر ٹور کیا تھا تاہم رواں برس لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے انعقاد کے بعد آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ الیون پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم ابھی تک اس حوالے سے حتمی طور پر کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے۔


شہریار خان کا کہنا ہے کہ یہ بھی کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کی میزبانی کیلیے ان کی تیاریاں مکمل مگر حکومتی اجازت کا انتظار ہے، انھوں نے کہا کہ میں نے حکومت سے بات کی ہے اور مجھے ان کے حتمی فیصلے کا انتظار ہے، مجھے امید ہے کہ جلد ہی ہمیں وہاں سے مثبت جواب موصول ہوجائے گا جس کے بعد ہم ٹور کے لیے درکار دوسرے اقدامات کرپائیں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ شہریار خان کی جانب سے ورلڈ الیون میں جن کھلاڑیوں کی شمولیت کے نام لیے گئے ہیں وہ خود بھی حیرانی ظاہر کررہے ہیں، کرکٹ آسٹریلیا کی آفیشل ویب سائٹ پر یہ شہریار کا بیان آنے کے بعد مائیکل کلارک کا ٹویٹر پر کہنا تھا کہ ورلڈ الیون میں موجودگی بذات خود میرے لیے بھی ایک خبر ہے۔

 
Load Next Story