نکھرا نکھرا چہرہ

خوب صورتی میں اضافے کے لیے بیوٹی ٹپس۔


سحرش پرویز July 24, 2017
خوب صورتی میں اضافے کے لیے بیوٹی ٹپس۔۔ فوٹو : نیٹ

ملازمت پیشہ و گھریلو خواتین اور لڑکیاں، سب ہی خوب صورتی کے معاملے میں بے حد حساس ہوتی ہیں۔ ان کے چہرے پہ ایک چھوٹا سا دانہ بھی نکل آئے تو پریشان ہو جاتی ہیں اور طرح طرح کی کریمیں اور لوشن استعمال کرنے لگتی ہیں۔

کریموں کے استعمال سے چہرے کی جلد خراب بھی ہوسکتی ہے اور چہرہ بدنما بھی ہوسکتا ہے۔ اس لیے ان کے استعمال کے سلسلے میں احتیاط سے کام لینا چاہیے۔ بہتر یہ ہے کہ چہرے کے داغ دھبوں اور جھائیوں وغیرہ سے چھٹکارا پانے کے لیے دیسی نسخے اور گھریلو ٹوٹکے استعمال کیے جائیں کیوں کہ ان کے سائیڈ افیکٹس نہیں ہوتے۔ ذیل کی سطور میں چہرے اور جلد کی خوب صورتی کے لیے کچھ ایسے ہی ٹوٹکے دیے جارہے ہیں جن میں استعمال ہونے والی اشیاء آپ کو اپنے باورچی خانے ہی سے دستیاب ہوسکتی ہیں۔

چہرے پہ سرخ رنگ کے دانوں کے نشانات :

چہرے پہ دانے نکلنے کے بعد اکثر سرخ رنگ کے نشانات چھوڑ جاتے ہیں۔ بعد میں ان نشانات پہ گڑھے پڑ جاتے ہیں جو بد نما لگتے ہیں ۔اس مسئلے کے حل کے لیے چند قطرے لیموںکا رس اورانڈے کی سفیدی لے کر خوب اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اس محلول کو چہرے پہ لگائیں اور خشک ہونے تک لگا رہنے دیں پھر چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھو لیں ۔یہ عمل روزانہ کریں۔ چند ہی روز میں نشانات مندمل ہونا شروع ہوجائیں گے۔ اس کے علاوہ کھیرا ،گلاب کا عرق اور لیموں کا رس بھی اس طرح کے نشانات کے لیے مفید ہے ۔ ایک کھیرا چھیل کر پیس لیں پھر اس میں ایک چمچہ گلاب کا عرق اور چند قطرے لیموں کا رس شامل کر لیں۔ اس میں صاف سوتی یا ململ کا کپڑا بھگو کر چہرے پر لگائیں اور بعد میں ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں ۔

روشن چہرہ:

چہرے کی جلد کو روشن اور چمک دار بنانے کے لیے ایک عدد ٹماٹر کے جوس میں دو چمچے بیسن اور ایک چوتھائی چمچہ پسی ہوئی ہلدی اچھی طرح ملالیں۔ اسے چہرے پہ لگائیں اور ۱۵ سے ۲۰ منٹ کے لیے چھوڑ دیں پھر ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں ۔چہرہ صاف ہو جائے گا ۔اس کے علاوہ بادام کے تیل میں دو کیپسول وٹامن ای کے شامل کریں ۔اس مکسچر کو بنا کے فریج میں رکھ لیں اور جب بھی چہرے پہ لگائیں اس میں تھوڑا سا ایلو ویرا جیل شامل کر لیں ۔آپ کا پیسٹ جیل کی طرح کا بن جائے گا ۔اس جیل سے چہرے کواتنا مساج کریں کہ جیل چہرے میں جذب ہو جائے۔یہ کام تقریباً پانچ منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے ۔اس کے بعد بھی ۵ منٹ تک چہرے کو نہ دھوئیں ۔۵ منٹ بعد چہرے کو نیم گرم پانی سے دھوئیں ۔ایک پیالے میں ایک لیموں کا رس تھوڑے سے پانی کے ساتھ مکس کریں اور چہرہ دھونے کے بعد اس مکسچر کو روئی کی مدد سے چہرے پہ لگائیں اور دو منٹ کے بعد ٹھنڈے پانی سے منہ صاف کر لیں ۔

خشک اور روکھی جلد:

بعض خواتین کو شکایت ہوتی ہے کہ ان کے چہرے کا رنگ تو صاف ہے لیکن ان کے چہرے پے روکھا پن بہت زیادہ ہے۔ جلد بالکل مرجھائی ہوئی ہے۔ خشک جلد کے لیے تین چمچے شہد ،ایک چمچہ گلیسرین ،ایک چمچہ گلاب کا عرق اور ایک چھوٹا چمچہ پسی ہوئی ہلدی کا مکسچر بنا لیں اور اسے بیس سے پچیس منٹ کے لیے چہرے پہ لگائیں۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھو لیں ۔ یہ نسخہ روزانہ استعمال کریں۔

نکھری نکھری جلد:

کھانے کے سوڈے کو چہرے کی جلد کے لیے بہت اچھا کلینزر مانا جاتا ہے۔ یہ چہرے سے ہر قسم کا میل صاف کردیتا ہے۔ چہرے کی رنگت نکھارنے کے لیے کھانے کا سوڈا میں پانی شامل کریں۔ یاد رہے کہ یہ آمیزہ گاڑھا ہونا چاہیے ۔اس آمیزے یا پیسٹ کو چہرے پہ پندرہ منٹ کے لیے لگا رہنے دیں ۔ پھر تھوڑا سا پانی لے کے چہرے کا مساج کریں اور پیسٹ کوٹھنڈے پانی سے صاف کرلیں۔ حساس جلد والی خواتین اس آمیزے کو اپنے چہرے پہ لگانے سے پہلے جلد کے کسی اور حصے پہ لگا کے چیک کر لیں ۔ اگر یہ پیسٹ لگانے سے آپ کی جلد میں جلن محسوس ہو رہی ہو تو بہتر ہے کہ اس کا استعمال نہ کریں۔ اس کے علاوہ چاول کا آٹا، کوکونٹ مِلک اور ٹماٹر کا پیسٹ ،تینوں چیزوں کو برابردو دو چمچے لے کر ایک گاڑھا پیسٹ بنا لیں ۔اس ماسک کو پندرہ منٹ کے لیے چہرے پہ لگا رہنے دیں ۔ہلکے ہاتھوں سے چہرے پہ مساج کرکے اس ماسک کو اتار لیں اور چہرہ دھو کے اچھا سا موائسچرائزر لگا ئیں ۔یہ ماسک ہر قسم کی جلد کے لیے موافق ہے۔

ایکنی یا دانے دور کرنے کے لیے:

ایک عدد لیموں کے رس کو جہاں جہاں ایکنی کے نشانات موجود ہیں ،روئی کی مدد سے اس جگہ پہ لگائیں ۔ بیس منٹ چہرے پہ لگا رہنے کے بعد نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں ۔ ایکنی سے چھٹکارا مل جائے گا ۔اس کے علاوہ رات کو سونے سے پہلے چہرے کو ملتانی مٹی سے کلینزنگ کریں اور نیم گرم یا ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں ۔

چہرے کے بال صاف کرنے کے لیے :

دو چمچے شہد، دو چمچے لیموں کا رس اور ایک چمچہ جو کا آٹا لیں ۔جو کے آٹے میں باقی اجزا شامل کریں پھر یہ آمیزہ چہرے کے ان مقامات پر لگائیں جہاں سے آپ کو بال صاف کرنے ہیں ۔ مکسچر کو تقریباً پندرہ منٹ چہرے پہ لگا کے چھوڑ دیں اور پھر نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں ۔اس کے بعد چہرے پہ اچھی سی فیس کریم لگا لیں۔ یہ عمل ہفتے میں دو سے تین بار کریں ۔چہرے کے بال ہمیشہ کے لیے صاف ہو جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں