سونو نگم کے بعد شاہ رخ خان کی ساتھی اداکارہ کی بھی اذان سے متعلق ہرزہ سرائی

صبح کے 5 بجے اگر کوئی شخص اذان کی آوازسے جاگتا ہے تو یہ بہت غیر مہذب بات ہے،اداکارہ

ایسا لگتا ہے بھارتی فنکاروں نے اذان مخالف ٹویٹس کرنے کی مہم شروع کررکھی ہے؛فائل فوٹو

بھارتی فلم انڈسٹری کی ناکام اداکارہ سوچیترا کرشنا مورتی نے سونونگم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اذان کو ''غیر مہذب'' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انسان صبح تقریباً 5 بجے کام کرکے گھر واپس آئے تو اذان کی آواز سے بہت پریشانی ہوتی ہے۔

ایسا لگتا ہے بھارتی اداکاروں نے ''اذان'' کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے؛ ابھی ایک اداکار اذان کے بارے میں نازیبا گفتگو کرکے خاموش نہیں ہوتا کہ دوسرا بول پڑتا ہے۔ کچھ عرصہ قبل گلوکار سونونگم نے ''اذان'' کو شور قراردیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت سے آخر یہ جبری مذہب پرستی کب ختم ہوگی، ان کی جانب سے کیے گئے اذان مخالف ٹویٹس نے بھارت سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح کیے تھے اور ان کی اس حرکت پرسوشل میڈیا صارفین کے ساتھ بالی ووڈ کی دیگر شخصیات نے بھی انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ یہ معاملہ ابھی ٹھنڈا ہوا ہی تھا کہ بالی ووڈ کی ایک اور ناکام اداکارہ اور گلوکارہ سوچیترا کرشنا مورتی نے بھی اذان کی آواز کے خلاف ٹویٹ کرکے ایک بار پھر مسلمانوں کو مشتعل کردیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سونو نگم کی اذان سے متعلق توہین آمیز ٹویٹس

گزشتہ روز سوچیترا نےاذان مخالف ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جب آپ کام کرکے صبح کے 4:45 پر اپنے گھر آتے ہیں اور آپ کے کانوں میں اذان کی آواز آتی ہے تو بہت پریشانی ہوجاتی ہے۔




انہوں نے لکھا کہ میں عبادت، یوگااور ریاض کیلئے صبح اٹھتی ہوں، مجھے اپنے فرض کی ادائیگی کو یاد کرنے کیلئے لاؤڈ اسپیکر کی ضرورت نہیں ہوتی۔



انہوں نے مزید لکھا کہ کسی کو بھی اذان اور عبادت کرنے کے طریقے پر اعتراض نہیں لیکن صبح کے 5 بجے اگر کوئی شخص اپنے ہمسایوں سمیت اذان کی آوازسے جاگتا ہے تو یہ بہت ''غیرمہذب'' بات ہے۔



سوچیترا کی جانب سے کیے جانے والے ٹویٹس پر بھارتی سماج وادی پارٹی کی لیڈر جوہی سنگھ نے طنز کرتے ہوئے کہا، ''مجھے سمجھ نہیں آتا کہ ہمارے ارد گرد کس طرح کے لوگ موجود ہیں جو بولنے سے پہلےایک بار بھی نہیں سوچتے کہ ان کے جانب سے دیئے جانے والے بیانات کا اثر لوگوں پر کس طرح ہوگا۔'' انہوں نے کہا شاید اداکارہ کی نیند ''اذان'' سے زیادہ اہم ہے جبھی تو انہیں اذان کی آواز سے تکلیف ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ سوچیترا کرشنا مورتی نے 1994 میں ریلیز ہوئی فلم ''کبھی ہاں کبھی ناں'' میں بھارتی سپراسٹار شاہ رخ خان کے مقابل مرکزی کرداراداکیا تھا، تاہم وہ اس فلم کے علاوہ بالی ووڈ میں کوئی قابل ذکر کام نہ کرسکیں۔ آج ان کا شمار بالی ووڈ کی ناکام ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو میڈیا میں نظر آنے کیلئے مختلف حربے آزماتی ہیں۔
Load Next Story