کراچی میں فائرنگ سے ایک ٹریفک پولیس اہلکار شہید دوسرا شدید زخمی

موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے ٹریفک اہلکاروں کو ڈسکو بیکری کے قریب نشانہ بنایا


ویب ڈیسک July 24, 2017
موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے ٹریفک اہلکاروں کو ڈسکو بیکری کے قریب نشانہ بنایا— فوٹو : فائل

KARACHI: کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کا ایک اہلکار شہید اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر پیش آیا جہاں معمول کی ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس اہلکاروں پر ڈسکو بیکری کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آنے والے دونوں اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک اہلکار دم توڑ گیا جبکہ دوسرے اہلکار کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت محمد خان جبکہ زخمی اہلکار کا نام کامران بتایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس موبائل پرفائرنگ سے 3 اہلکار شہید

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے وقت ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے بلٹ پروف جیکٹس نہیں پہن رکھی تھیں۔ فائرنگ کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کیے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔

مبینہ ٹاؤن کے ایس ایچ او معراج انور کے مطابق حالیہ واقعہ بھی کراچی میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملوں کی کڑی ہے جس میں کالعدم تنظیمیں ملوث ہو سکتی ہیں۔ دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال اور آئی جی سندھ پولیس اللہ ڈنو خواجہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایسٹ زون کے پولیس چیف سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

خیال رہے کہ تین روز قبل بھی کورنگی کے علاقے عوامی کالونی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 3 پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا تھا۔ اس سے قبل 23 جون کو کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں ہوٹل پر ناشتہ کرنے والے 4 پولیس اہلکاروں کو شہید کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |