فنکاروں کو اعزازات سے زیادہ ’عزت‘ کی ضرورت ہے

آج اِس بوڑھی عورت کے ساتھ ہونے والے ظلم کو بھی ہم ایک معمول کا واقعہ سمجھ لیتے اگر یہ عورت ’’زرسانگا‘‘ نہ ہوتی۔


شاہد کاظمی July 26, 2017
مجھے حیرانی یہ ہوتی ہے کہ ہم فنکاروں کو اعزازات سے تو نواز دیتے ہیں لیکن کیا اُن کی ضرورت کے وقت کبھی مڑ کے خبر بھی لیتے ہیں کہ وہ کس حال میں ہیں؟ فوٹو: فائل

KARACHI: پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں واقعات، سانحات اور حادثات اِس طرح رونما ہوتے ہیں جیسے چیونٹیاں زمین سے نکلتی ہیں۔ جس طرح چیونٹیوں کا شمار کرنا ممکن نہیں ہوتا اِس طرح پاکستان کے معروضی حالات میں یہ بتانا بھی اب ممکن نہیں رہا کہ کون سا واقعہ اہم اور کون سا غیر اہم ہے۔ کس حادثہ کو زیادہ کوریج مل گئی اور کس سانحہ کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔ ہمارے ہاں ترجیحات قومی مفادات یا عوام نہیں ترتیب دیتے بلکہ ہمارا میڈیا خود ترتیب دیتا ہے۔ ہمارا میڈیا ہمیں یہ نہیں دکھاتا کہ پاکستان کا مفاد کس میں ہے یا کون سی خبر، واقعہ، سانحہ دِکھانا ملکی مفاد میں ہے بلکہ بریکنگ نیوز کے چکر میں ہمارا میڈیا ذمہ داری اور مدد کے دائرے سے بالکل باہر نکل چکا ہے۔

پانامہ کیس کی گرد ابھی تھمی نہیں ہے کہ عمران خان کے خلاف کیس آگے بڑھنا شروع ہوگیا ہے۔ ہر نئے دن نیا موضوع بحث کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اِس پورے جھمیلے میں ہمیں نوشہرہ کے ایک اسپتال کا منظر بالکل بھی متاثر نہ کر پایا جہاں ایک بوڑھی عورت زخمی حالت میں لیٹی ہے۔ اب آپ کہیں گے کہ بوڑھی خواتین کا زخمی ہوجانا پاکستان میں معمول کی بات ہے، اِس میں حیرانی کیسی؟ بات تو آپ کی ٹھیک ہے۔ پاکستان میں تو ہر دوسرے دن چادر و چار دیواری کا تقدس پامال ہوتا ہی رہتا ہے، اور 1946ء میں لکی مروت کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہونے والی آج کی اِس بوڑھی عورت کو بھی ہم ایک معمول کا واقعہ سمجھ لیتے اگر یہ عورت ''زرسانگا'' نہ ہوتی۔



چلیے تھوڑا آسان کر دیتے ہیں۔ یہ زخمی عورت جو تصویر میں اسپتال کے ایک بستر پر اپنے زخمی شوہر اور بیٹے کے ہمراہ پڑی ہے، یہ پشتو لوک گلوگاری کی ملکہ کہلائی جاتی ہے۔ اِس بوڑھی عورت کو صدارتی تمغہ حسنِ کارکردگی اور پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا جاچکا ہے۔

زرسانگا کے خاندان اور پڑوسیوں میں رقم کے لین دین کا تنازعہ ہوا۔ سوات سے جب وہ اپنےعلاقے ازاخیل واپس آئے تو ہفتے کی رات کو یہ واقعہ پیش آیا۔ اِس معاملے میں کم و بیش پانچ (5) لاکھ کی رقم کا تنازعہ تھا جس کے نتیجے میں پاکستان کی پہچان کہلائی جانے والی اِس فنکارہ کو لہولہان کردیا گیا۔ زرسانگا کے بیٹے ہجران کے مطابق پولیس نے بھی تعاون نہیں کیا اور وہ بے چاری کرتی بھی کیوں، زرسانگا سیاستدان ہوتی یا کسی این جی او کی نمائندہ ہوتی تو شاید اُس کی سُنی بھی جاتی، اُسے علاج بھی فوری فراہم کردیا جاتا مگر اُس کی آواز میں جب تک دم رہا وہ پشتو کو عالمی سطح پر متعارف کرواتی رہی، جب آواز میں دم ختم ہوا تو اُس کی اہمیت بھی ختم ہوگئی۔

مجھے حیرانی یہ ہوتی ہے کہ ہم فنکاروں کو اعزازات سے تو نواز دیتے ہیں لیکن کیا اُن کی ضرورت کے وقت کبھی مڑ کے خبر بھی لیتے ہیں کہ وہ کس حال میں ہیں؟ اپنے آپ سے شرمندگی ہوتی ہے کہ صوبے کی حکومت تبدیلی کی امین، وفاقی حکومت ترقی کی امین مگر اِن کے پاس پوری دنیا میں پاکستان کی پہچان بننے والی زرسانگا کے قرض کی رقم ادا کرنے کی رقم بھی نہیں؟ ہمارے لیے شاید اُن لوگوں کا دفاع اہم ہے جن کا پیسہ معلوم ہی نہیں دنیا کے کس کس کونے میں ہے، یا شاید ہمارے لیے وہ راہنما اہم ہیں جن کی رہائش گاہیں سینکڑوں ایکڑ میں پھیلی ہوئی ہیں، یا پھر ہمارے لیے کوئی بدیسی ماڈل زیادہ اہم ہوگی جس کے تن پر لباس ضرورت سے ناکافی ہو، لیکن ہمارے لیے زرسانگا بھلا کیوں اہم ہوگی؟

 

زرسانگہ بے چاری نے تو پاکستان کی خدمت کی، پشتو زبان کی ترویج کی۔ اُس کو شاید معلوم نہیں تھا کہ یہاں پرائڈ آف پرفارمنس سے نام زندہ نہیں رہتے، یہاں نام رج کر کرپشن کرنے سے معتبر ہوتے ہیں۔ یہاں لوگوں کے دلوں میں گھر کرنے کے لیے ضروری نہیں کہ سادگی سے پاکستان کی خدمت کی جائے بلکہ لوگ اُس کے نام کے نعرے لگاتے ہیں جو اِس ملک کی جڑوں میں دیمک کی طرح لگا ہو۔

ایک چیز ہوتی ہے قومی غیرت جو مفقود تو ہے لیکن پھر بھی عوام کو جھنجوڑنے سے جاگ جاتی ہے، البتہ حکومتی سطح پر خال خال ہی ملتی ہے۔ لہذا کہنا بنتا نہیں مگر وفاقی حکومت سے کہہ کر، صوبائی حکومت کو ہِلا کر حجت تمام تو کرنی ہے کہ خدارا! آپ جو عدالتوں میں ایک دوسرے کو گھسیٹ رہے ہیں، اِس سے فرصت ملے تو زرسانگا کی کوئی مدد کردیجیے گا، کیوںکہ آپ کے اثاثے پوری دنیا میں بھی پھیلے ہوں تو آپ کے لیے کم ہیں، لیکن غریب پاکستانیوں کو دو وقت کی روٹی ہی میسر آجائے تو شکر ادا کرتے ہیں۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا لکھاری کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے
اگر آپ بھی ہمارے لیے بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریراپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک و ٹویٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کیساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اور ویڈیو لنکس بھی

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

امن لازم ہے

Dec 22, 2024 03:40 AM |

انقلابی تبدیلی

Dec 22, 2024 03:15 AM |