وہ وقت گزرگیا جب ایک کال پرکراچی بند ہوجاتا تھا کرنل قیصرخٹک

اورنگی ٹاؤن میں 2افراد کے قتل میں ملوث ملزمان کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے جنہیں بانی متحدہ نےشاباشی دی،کرنل قیصر خٹک


ویب ڈیسک July 26, 2017
محب وطن عوام نے شرپسندعناصر کو مسترد کردیا ہے، کرنل قیصر خٹک- فوٹو: پی پی آئی

سندھ رینجرز کے کرنل قیصر خٹک کا کہنا ہے کہ کراچی کے حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں اور وہ وقت گزر گیا جب ایک کال پر لاشیں گرتی تھیں اور پورا شہر بند کردیا جاتا تھا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان رینجرز سندھ کے کرنل قیصرخٹک کا کہنا تھا کہ کراچی سے گرفتار کیے گئے ٹارگٹ کلرز نے اپنا جرم قبول کرلیا ہے، ملزمان نے 17 جولائی کو 2 افراد کو اورنگی ٹاؤن میں قتل کیا تھا جب کہ قتل میں ملوث ملزمان کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان میں محمد رحیم اور محمد دانش شامل ہیں اور ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے جب کہ ملزمان نے بانی ایم کیو ایم، ندیم نصرت، قمر ٹیڈی اور بابو بھائی کے نام بتائے ہیں۔

کرنل قیصر کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے ساؤتھ افریقا کے سیٹ اپ سے رابطے میں تھے، ملزمان کو بینک اکاؤنٹ میں 50 ہزار روپے بھجوائے گئے اور وہ بانی ایم کیوایم کے حق میں وال چاکنگ بھی کررہے تھے جب کہ بانی متحدہ نے ملزمان کو کارروائی مکمل کرنے پرشاباشی بھی دی۔

کرنل قیصر خٹک نے کہا کہ کراچی کے حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں اور اب وہ وقت گزرگیا ایک کال پرکراچی بند ہوجاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ کالعدم تنظیمیں افغانستان سے کام کررہی ہیں جب کہ پولیس پر حملوں کے حوالے سے کافی شواہد اکٹھے کیے ہیں۔

دوسری جانب ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے وزیرداخلہ چوہدری نثار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے ساوٴتھ افریقہ اور برطانیہ میں موجود نیٹ ورکس سے تعلق رکھنے والے ملزمان کی گرفتاریوں پر بریفنگ دی جب کہ وزیر داخلہ کا کہنا تھا انتہائی قابل تشویش ہے کہ ساوٴتھ افریقہ اور برطانیہ کی سر زمین کراچی میں قتل و غارت اور دہشت گردی کے لئے استعمال کی جارہی ہے، دونوں ممالک کی حکومتوں سے واضح ثبوت کے ہمراہ یہ معاملہ اٹھائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں