116 ارکان پارلیمنٹ کا2016ء کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے کا انکشاف

2015 میں تعداد120 تھی، رات گئے تک یہ تعداد کم ہوکر116 رہ گئی


Irshad Ansari July 27, 2017
آج سہ پہر پونے 3 بجے ایف بی آر آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بٹن دبا کر ٹیکس ڈائریکٹری کا اجرا کریں گے، تمام افسران کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت فوٹو : فائل

ملک کے مجموعی طور پر116اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے ٹیکس ایئر 2016 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ٹیکس ایئر2015میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین پارلیمنٹ کی تعداد120تھی۔

یہ انکشاف فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی جانب سے تیار کردہ اراکین پارلیمنٹ کی چوتھی ٹیکس ڈائریکٹری کے مسودے میں کیا گیا ہے جو آج (جمعرات کو)جاری کی جائے گی تاہم باقی ٹیکس دہندگان کی ٹیکس ڈائریکٹری بعد میں جاری کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے اراکین پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹری تیار کرنے کا ٹاسک پرال کے جنرل مینجر احمد نواز اور حال ہی میں سینئر مینجرے عہدے پر ترقی پانیوالے افسر عابد نعیم کو دیا گیاتھا اور گزشتہ رات گئے تک مذکورہ دونوں افسران اراکین پارلیمنٹ کی ڈائریکٹری کے مسودے کو حتمی شکل دیتے رہے۔ 'ایکسپریس' کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے باقاعدہ طور پر لیٹر جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹری آج(جمعرات کو) سہہ پہر پونے 3 بجے ایف بی آر آڈیٹوریم میں منعقد ہونیوالی تقریب میں جاری کی جائے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بٹن دبا کر ٹیکس ڈائریکٹری کا اجرا کریں گے۔ ایف بی آرکی طرف سے جاری کردہ لیٹر میں گریڈ17 اور اس سے زائدگریڈ کے تمام افسران کو اراکین پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹری کی تقریب میںحاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ایئر 2016 کی ٹیکس ڈائریکٹری میں وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزرا سمیت اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں کی جانب سے جمع کرائے جانے والے ٹیکسوں کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ 2سال کے دوران ملک بھر کے تمام اراکین پارلیمنٹ میں سے سینیٹر تاج محمد آفریدی نے ٹیکس ایئر2015میں بھی سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے کا اعزازقرار رکھا تھا جبکہ سب سے کم ٹیکس پنجاب سے رکن صوبائی اسمبلی ملک جاوید اقبال اعوان نے ادا کیا جوصرف920روپے ہے۔

البتہ سینیٹر اسرار اللہ خان زہری، ثمینہ عابد، محمد یوسف اور ستارہ ایاز سمیت 26ایسے اراکین پارلیمنٹ میں بھی جنھوں نے کوئی ٹیکس ادا ہی نہیں کیا تھا جبکہ وزیراعظم میاں نوازشریف، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی جانب سے پہلے کی نسبت کم ٹیکس جمع کرایا گیا تھا تاہم اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، حمزہ شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ رضا ربانی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، مولانا فضل الرحمن اور پیپلزپارٹی کے اعتزاز احسن نے پہلے کے مقابلے میں زیادہ ٹیکس جمع کرایا تھا۔

اس کے علاوہ ٹیکس ایئر 2015 میں مجموعی طور پر997 اراکین پارلیمنٹ نے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے تھے جبکہ ٹیکس ایئر2014 میں1040 اراکین پارلیمنٹ نے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے تھے اور اراکین پارلیمنٹ کی جاری کردہ ٹیکس ڈائریکٹری میں بتایا گیا تھا کہ ٹیکس ایئر 2015میں وزیراعظم میاں نوازشریف نے21 لاکھ 95 ہزار341 روپے جبکہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے صرف76ہزار 244 روپے ٹیکس ادا کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں