پاکستان نے ہاٹ اسپاٹ ٹیکنالوجی پر اعتراض کر دیا

ہاٹ اسپاٹ پر پی سی بی کو ہمیشہ سے ہی شکوک رہے ہیں، اسی لیے ’’ہوم سیریز‘‘ کے دوران اس کا استعمال نہیں کیا جاتا


Saleem Khaliq February 10, 2013
پی سی بی نے آئی سی سی سے جنوبی افریقا کے خلاف بقیہ دو ٹیسٹ میچوں میں فیلڈ امپائر ڈیوس کو تبدیل کرنے کی درخواست کردی۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان نے ہاٹ اسپاٹ ٹیکنالوجی پر اعتراض کر دیا، جوہانسبرگ ٹیسٹ میں کئی فیصلے خلاف آنے پر آئی سی سی سے باقاعدہ شکایت کر دی گئی، کونسل نے پی سی بی کے خط کا تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان ڈی آر ایس کے سبب مسائل کا شکار ہوا، تھرڈ امپائر اسٹیو ڈیوس کے کئی فیصلے مہمان ٹیم کیخلاف گئے، اس پر مینجمنٹ نے اپنے بورڈ کو خط لکھ کر آئی سی سی سے بقیہ دونوں میچز کے فیلڈ امپائر ڈیوس کو تبدیل کرنے کی درخواست کردی،۔

ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے گذشتہ دنوں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ایک احتجاجی خط ارسال کیا۔اس میں ہاٹ اسپاٹ پر اعتراض کرتے ہوئے نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا ہے، بورڈ کے مطابق جوہانسبرگ میں ٹیکنالوجی100 فیصد درست نہیں تھی، ذرائع نے مزید بتایا کہ ہاٹ اسپاٹ پر پی سی بی کو ہمیشہ سے ہی شکوک رہے ہیں، اسی لیے یو اے ای میں ہونے والی ''ہوم سیریز'' کے دوران اس کا استعمال نہیں کیا جاتا اور سنکومیٹر و لائن والی دیگرٹیکنالوجیز پر انحصار ہوتا ہے۔

پاکستان نے خط میں یہ بھی واضح کیا کہ وہ مکمل ڈی آر ایس کے خلاف نہیں صرف ہاٹ اسپاٹ پر تحفظات ہیں، تاحال کونسل کی جانب سے پی سی بی کو کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ یاد رہے کہ بھارت کو تو مکمل ڈی آر ایس پر ہی شدید اعتراض ہے، وہ اس کا بالکل استعمال نہیں کرتا، اب تو بی سی سی آئی نے دیگر بورڈز کو بھی دھمکی دیدی کہ اگر اس کیخلاف سیریز میں ٹیکنالوجی استعمال کی تو میچز کا بائیکاٹ کر دے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں