وسائل کی کمی فارنسک ڈویژن کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا منصوبہ التوا کا شکار

صوبے خصوصاً شہر قائد میں امن وامان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر مذکورہ سسٹم انتہائی ضروری ہوگیا ہے،ماہرین

انٹگریٹڈ بیلسٹک آئی ڈینٹی فکیشن سسٹم۔ فوٹو: فائل

سندھ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے منصوبے میں وسائل آڑے آگئے۔

فارنسک ڈویژن سندھ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑگیا ، تفصیلات کے مطابق فارنسک ڈویژن سندھ کو تقریباً15کروڑ روپے سے زائد مالیت کی جدید ٹیکنالوجی(Integrated Ballistic Identification System) انٹگریٹڈ بیلسٹک آئی ڈینٹی فکیشن سسٹم سے آراستہ کرنے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑگیا ہے، فارنسک ماہرین کا کہنا ہے کہ صوبے اور خاص کر شہر قائد میں امن وامان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر مذکورہ سسٹم انتہائی ضروری ہوگیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سسٹم سے دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ ، قتل وغارت گری اور دیگر وارداتوں کے جائے وقوع سے پولیس کوملنے والے گولیوں کے خالی خولوں کی جانچ کی جا سکے گی جبکہ پولیس غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں جن ملزمان کو گرفتار کرتی ہے کہ ان کے قبضے سے ملنے والے اسلحہ کا بھی معائنہ کیا جاسکے گا، انھوں نے بتایا کہ مذکورہ سسٹم پولیس کو جائے وقوع سے واردات میں استعمال ہونے والے اسلحہ کے خالی خول کے مختلف زاویوں سے تصویریں کھینچنے اور تجزیہ کرنے کے بعد سسٹم میں پہلے سے موجود فیڈ ڈیٹا سے ملتے جلتے5 نتیجے دے دیگا جس سے فوری طور پر معلوم ہوجائے گا واردات میں کونسا گروپ ملوث ہے۔




فارنسک ماہرین نے بتایا کہ فارنسک ڈویژن سندھ کی بیلسٹک لیبارٹری میں 5 ہزار سے زائد خالی خولوں کا ڈیٹا موجود ہے اور اگر کسی واردات کے جائے وقوع سے خالی خول ملتے ہیں تو ان خولوں کا روایتی طریقے سے تجزیہ اور معائنہ کیا جاتا ہے اور اس طریقے سے خولوں کا معائنہ کرنے میںکافی وقت لگ جاتا ہے، انھوں نے بتایا کہ مذکورہ سسٹم کے آنے کے بعد دنوں میں ہونے والا کام سکینڈوں میں کر لیا جائے گا اور یہ ایک ایسا سسٹم ہے جس کے نتیجے کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب سے مذکورہ سسٹم کو خریدنے کے لیے سندھ پولیس کے وسائل ایک مرتبہ پھر آڑے آگئے ہیں، فارنسک ڈویژن کے ایک افسر نے ایکسپریس کو بتایا کہ مذکورہ سسٹم کو خریدنے کے لیے کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا گیا ہے لیکن وسائل نہ ہونے کی وجہ سے سسٹم اب تک خریدا نہیں جا سکا ہے اور آئندہ کب تک فارنسک ڈویژن کی بنیادی ضرورت پوری ضرورت کو پورا کیا جائے گا اس کا بھی علم نہیں ہے جس کی وجہ سے فارنسک ڈویژن سندھ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑ تا دکھائی دے رہا ہے ۔
Load Next Story