خواہش ہے شہباز شریف کو اگلا وزیراعظم بنایا جائے نواز شریف

مجھے یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ پنجاب کا وزیراعلیٰ کس کو بنایا جائے،نوازشریف


ویب ڈیسک July 28, 2017
مجھے یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ پنجاب کا وزیراعلیٰ کس کو بنایا جائے،نوازشریف - فوٹو: فائل

نوازشریف کا کہنا ہے کہ میری خواہش ہے کہ شہباز شریف کو قومی اسمبلی کا رکن بناکر قائد ایوان منتخب کرایا جائے۔

وزیراعظم ہاؤس میں نوازشریف کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں چوہدری نثار، مولانا فضل الرحمان اور دیگر سابق وفاقی وزرا نے شرکت کی۔
رفقا سے مشاورتی عمل میں اظہار خیال کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ ہمیں اب شہباز شریف کو وزیراعظم بنانا ہوگا لیکن مجھے یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ پنجاب کا وزیراعلیٰ کس کو بنایا جائے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ آج کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔



دوسری جانب پاناما کیس میں نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں نواز شریف نے شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔



ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو وزیراعظم کا امیدوار بنانے سے قبل مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عارضی طور پر وزیراعظم کے لئے مختلف ناموں پر غور کیا جا رہا ہے جن میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی ، خواجہ آصف اور شاہد خاقان عباسی کے نام شامل ہیں۔



شاہد خاقان عباسی کو عارضی وزیراعظم کے لئے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ آج ہونے والے (ن) لیگ کے اہم مشاورتی اجلاس میں کیا جائے گا۔



بطور وزیراعظم نااہلی کے بعد لاہور میں نوازشریف کی رہائش گاہ اور جاتی عمرہ رائیونڈ میں قائم سب وزیراعظم ہاؤس کا درجہ بھی ختم کردیا گیا ہے۔



واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے پاناما کیس میں متفقہ فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو نااہل قرار دیا جب کہ ان کے بچوں حسن، حسین اور مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عباسی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے کیسز فوری طور پر نیب کو بھیجنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں