ملک میں سیاسی بحران پیدا کیا جارہا ہے مولانا فضل الرحمان

نوازشریف نے سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کیا اوربحران پیدا نہیں ہونے دیا، سربراہ جے یو آئی (ف)


ویب ڈیسک July 28, 2017
ملک میں اگر کچھ ہوجاتا ہے تو کون ذمے دار ہوگا۔ فضل الرحمان - فوٹو: فائل

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کے وقت عدالت کو سوچنا چاہیے تھا اقتدارمنتقلی کے وقت خلا کا کیا ہوگا جب کہ ملک میں سیاسی بحران پیدا کیا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مخالفین مسلسل وزیراعظم کی نااہلی کیلیے تحریک چلارہے تھے لیکن جس بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا اس پر ماہرین حیران ہیں کیوں کہ اس بنیاد پر نااہلی کی توقع کسی کو نہیں تھی جب کہ کتنی سبکی ہے کہ ہماری عدالت کا فیصلہ کسی مثال کے طور پر پیش نہ کیا جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے کے وقت عدالت کو سوچناچاہیے تھا اقتدارمنتقلی کے وقت خلا کا کیا ہوگا جب کہ ملک میں اگر کچھ ہوجاتا ہے تو کون ذمے دار ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر بھارت کی نظروں میں کھٹک رہا ہے، پہلے بھی کہا تھا معاملہ کرپشن کا نہیں، سیاسی بحران پیدا کرنے کا ہے جب کہ مخالفین سمجھ رہے ہیں انہوں نے کیس جیت لیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور کمیشن پر کوئی فیصلہ نہیں آیا، کیا پاناما کی آف شور کمپنیوں کا پیسا واپس آجائے گا جب کہ نیب پر مدعی جماعت کو بھی اعتماد نہیں تھا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کیا ہے، وزیراعظم نے عدالت کا احترام کیا ہے اور کوئی بحران پیدا نہیں ہونے دیا، موجودہ صورتحال ذمہ دارانہ فیصلوں کا تقاضا کرتی ہے اور یقین ہے مسلم لیگ (ن) جمہوریت اور جمہوری اداروں کے تسلسل کو برقرار رکھے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں