پاناما کیس کا فیصلہ ملک سے کرپشن ختم کرنے میں اہم ثابت ہو گا بلاول بھٹو زرداری

پیپلزپارٹی چاہتی ہے اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں، چیرمین پیپلز پارٹی

فیصلے سے کسی شخص کا نہیں پورے ملک کا فائدہ ہوگا، بلاول بھٹو- فوٹو: پی پی آئی

KARACHI:
چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کرپشن ختم کرنے میں اہم ثابت ہوگا اور یہ فیصلہ ملک کے مفاد میں جائے گا جب کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاناما کیس کے فیصلے سے متعلق مزید کوئی رائے نہیں دینا چاہتا جب کہ سیاسی جماعتوں کو چاہیئے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے حوالے سے فیصلے کو قبول کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک نظریاتی پارٹی ہے اور ہم ہر صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں جب کہ پاناما کیس کے حوالے سے ہماری اور دیگر جماعتوں کی حکمت عملی میں فرق تھا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قرار دیدیا

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نے پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دی لیکن پیپلزپارٹی چاہتی ہے اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں اور فیصلے سے کسی شخص کا نہیں پورے ملک کا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بی بی نے کہا تھا نوازشریف ایک دن روئیں گے اور ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کا قانون سب پر لاگو ہونا چاہیئے۔
Load Next Story